اسکاٹ لینڈ نے آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائرز جیت لیا، فائنل میں عرب امارات کو شکست

0 1,053

اسکاٹ لینڈ نے آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائرز کے فائنل میں متحدہ عرب امارات کو شکست دے دی اور اس کے ساتھ ہی اگلے سال ہونے والے عالمی کپ کے لیے دونوں تمام مقابل ٹیموں اور ان کے پولز کا فیصلہ بھی ہوگیا ہے۔ کوالیفائرز کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے پر اسکاٹ لینڈ اور متحدہ عرب امارات دونوں نے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کیا اور ان میں سے اسکاٹ لینڈ پول 'اے' میں جبکہ متحدہ عرب امارات پول 'بی' میں ہوں گے۔

فائنل تک پہنچنے پر اسکاٹ لینڈ اور متحدہ عرب امارات دونوں عالمی کپ 2015ء کے لیے کوالیفائی کرگئے (تصویر: Getty Images)
فائنل تک پہنچنے پر اسکاٹ لینڈ اور متحدہ عرب امارات دونوں عالمی کپ 2015ء کے لیے کوالیفائی کرگئے (تصویر: Getty Images)

نیوزی لینڈ کے شہر لنکن میں کھیلے گئے کوالیفائرز کے فائنل میں اسکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور کپتان پریسٹن مومسن کی ناقابل شکست سنچری اور رچی بیرنگٹن کے 63 رنز کے بہترین ساتھ کی بدولت 285 رنز کا مجموعہ اکٹھا کیا۔ محض 37 رنز پر تین وکٹیں گنوانے کے بعد یہ اسکاٹ لینڈ کی مقابلے میں بہترین انداز سے واپسی تھی جس نے آخری 43 اوورز میں صرف دو وکٹیں گنوائیں۔ مومسن 149 گیندوں پر ایک چھکے اور 12 چوکوں کی مدد سے 139 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ بیرنگٹن 53 گیندوں پر63 رنز بنانے کے بعد49 ویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔

متحدہ عرب امارات کی جانب سے منجولا گوروگے نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں سلمان فارس اور امجد علی کی جانب سے 49 رنز کا ابتدائی آغاز ملنے کے باوجود عرب امارات مقابلے پر گرفت مضبوط نہ کرسکا اور دونوں اوپنرز گنوانے کے بعد وکٹیں گرنے کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔ وکٹ کیپر سوپنل پٹیل نے بہترین اننگز کھیلی لیکن انہیں دوسرے اینڈ سے کسی کا ساتھ میسر نہ آ سکا۔ بدقسمتی سے وہ اپنی سنچری بھی مکمل نہ کرپائے اور 99 رنز پر ناقابل شکست میدان سے لوٹے جبکہ عرب امارات 50 اوورز کی تکمیل تک 9 وکٹوں پر 244 رنز ہی بنا پایا۔

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے این وارڈلا، راب ٹیلر اور سفیان شریف نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

کوالیفائرز کے خاتمے کے ساتھ ہی عالمی کپ 2015ء کے لیے تمام ٹیمیں اور ان کے پولز طے پا گئے ہیں۔ پول 'اے' میں میزبان آسٹریلیا کے ساتھ انگلستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ، افغانستان اور اسکاٹ لینڈ ہوں گےجبکہ پول اے میں دفاعی چیمپئن بھارت کے ساتھ روایتی حریف پاکستان، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، زمبابوے، آئرلینڈ اور متحدہ عرب امارات کھیلیں گے۔

عالمی کپ 2015ء اگلے سال فروری و مارچ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا۔