فکسنگ کے الزامات، سیالکوٹ اسٹالینز کا احتجاج، باسط علی مبصرین کے پینل سے خارج

میچ فکسنگ کے سنگین الزامات کے خلاف احتجاج کے طور پر سیالکوٹ اسٹالینز نے فیصل بینک ٹی ٹوئنٹی کپ میں بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر مقابلہ کھیلا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اسلام آباد لیپرڈو کے خلاف کوارٹر فائنل سے قبل اسٹالینز کے کپتان شعیب ملک نے کہا کہ وہ آج کا مقابلہ نہیں کھیلنا چاہتے تھے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی کے مطالبے پر میدان میں اترے ہیں۔
گزشتہ روز کراچی ڈولفنز کے خلاف مقابلے میں شکست کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹ باسط علی نے الزام لگایا تھا کہ یہ مقابلہ پہلے سے طے شدہ تھا۔ مذکورہ مقابلے میں سیالکوٹ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے محض 91 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ صرف تین کھلاڑی حارث سہیل، شعیب ملک اور علی خان کی باریاں ہی دہرے ہندسے میں پہنچ پائیں، باقی کسی بلے باز کو تو یہ "شرف" بھی حاصل نہ ہوسکا۔ بعد ازاں کراچی ڈولفنز نے ہدف 18 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی پورا کرلیا۔
سیالکوٹ کے احتجاج کے بعد کھیلوں کے سرکاری چینل پی ٹی وی اسپورٹس نے باسط علی کو تبصرہ کاروں کے پینل سے خارج کردیا ہے۔
واضح رہے کہ باسط علی پاکستان کے ان چند سابق کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جو فکسنگ کے حوالے سے خاصے بے لاگ تبصرے کرتے ہیں اور اس وجہ سے ان کے بین الاقوامی کیریئر کو بھی دھچکا پہنچا تھا۔