دوسرے ٹیسٹ کے لیے نیوزی لینڈ اسکواڈ کا اعلان

0 1,033

پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے نیوزی لینڈ نے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں بدترین شکست کے باعث اس مرتبہ حکمت عملی میں کچھ تبدیلی کی گئی ہے اور آل راؤنڈر جیمز فرینکلن اور تیز گیند باز ڈیرل ٹفی کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔

جیمز فرینکلن اور ڈیرل ٹفی کے نام پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں بھی شامل تھے لیکن میچ سے قبل انہیں اپنے صوبوں کی نمائندگی کرنے کے لیے ریلیز کر دیا گیا تھا۔ پاکستان نے پہلا ٹیسٹ با آسانی 10 وکٹوں سے جیتا اور سیریز میں 1-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کی۔ اس ٹیسٹ میں بلیک کیپس پیس بیٹری ٹم ساؤتھی، برینٹ آرنیل اور کرس مارٹن کی مثلث پر مشتمل تھی تاہم نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کے باعث وہ انتہائی کم ہدف دے پائی جس کے باعث نیوزی لینڈ کے بالرز پاکستان کے بلے بازوں کو فتح حاصل کرنے سے نہ روک سکے۔

دوسرا ٹیسٹ کےلیے اعلان کردہ نیوزی لینڈ کا 13 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ:
ڈینیل ویٹوری (کپتان)، برینٹ آرنیل، برینڈن میک کولم، جیسی رائیڈر، جیمز فرینکلن، روس ٹیلر، ریس ینگ (وکٹ کیپر)، کرس مارٹن، کین ولیم سن، مارٹن گپٹل، ٹم ساؤتھی، ٹم میک انٹوش، ڈیرل ٹفی

فرینکلن اور ٹفی کو واپس طلب کرنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ان کی دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں شمولیت یقینی ہے کیونکہ بلیک کیپس کی 11 رکنی حتمی ٹیم کا اعلان میچ شروع ہونے سے قبل کیا جائے گا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 15 جنوری سے بیسن ریزرو،ویلنگٹن میں شروع ہوگا۔