عالمی درجہ بندی: نیوزی لینڈ نمبر سات، بھارت کو دوسری پوزیشن بچانے کے لالے پڑ گئے

0 1,029

نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں شکست کے باوجود بھارت کم از کم دوسرا مقابلہ ڈرا کرنے اور یوں عالمی درجہ بندی میں اپنی دوسری پوزیشن بچانے میں ضرور کامیاب ہوگیا لیکن نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کے لیے اس پوزیشن کا حصول ضرور آسان بنا دیا ہے۔

نیوزی لینڈ 11 سال کے طویل عرصے بعد بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتا (تصویر: Getty Images)
نیوزی لینڈ 11 سال کے طویل عرصے بعد بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتا (تصویر: Getty Images)

بھارت کے لیے سیریز جیتنے اور درجہ بندی میں تنزلی سے بچنے کے لیے جیتنا ضروری تھا اور ابتدائی ڈھائی دنوں تک وہ مقابلے پر مکمل طور پر غالب بھی رہا لیکن حریف کپتان برینڈن میک کولم کی تاریخی ٹرپل سنچری اور بی جے واٹلنگ اور جیمز نیشام کی بہترین سنچریوں نے اسے سیریز برابر کرنے کے موقع سے محروم کردیا۔ عالمی نمبر آٹھ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جیتنے میں ناکامی کا نقصان یہ ہوا کہ بھارت کو درجہ بندی میں 5 قیمتی پوائنٹس سے محروم ہونا پڑ گیا۔ بھارت دو ٹیسٹ مقابلوں کی سیریز سے قبل 117 پوائنٹس کا حامل تھا لیکن اب وہ 112 پوائنٹس تک آ پہنچا ہے یعنی کہ عالمی نمبر تین آسٹریلیا پر صرف ایک پوائنٹ کی برتری۔

اب آسٹریلیا کے پاس سنہرا موقع ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف جاری سیریز جیت کر بھارت سے نمبر دو پوزیشن چھین لے اور یکم اپریل کی اہم تاریخ سے قبل دنیا کی دوسری بہترین ٹیم بن جائے۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل یکم اپریل کو عالمی درجہ بندی کی سرفہرست ٹیموں کو نقد انعامات اور خصوصی اعزازات سے نوازتی ہے۔ اس تاریخ کو عالمی نمبر ایک کی پوزیشن پر موجود ٹیم کو ساڑھے چار لاکھ ڈالرز اور ایک خوبصورت گرز نما ٹرافی دی جاتی ہے جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو ساڑھے تین اور تیسرے نمبر کی ٹیم کو ڈھائی لاکھ ڈالرز کی خطیر رقم ملتی ہے۔

133 پوائنٹس کے ساتھ جنوبی افریقہ کی پہلی پوزیشن تو یقینی ہے لیکن اگر وہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز ہار جاتا ہے تو بھارت تیسرے نمبر پر چلا جائے گا اور اگر بقیہ دونوں ٹیسٹ جیت کر آسٹریلیا کو تاریخی فتح سے محروم کرتا ہے تو بھارت ایک مرتبہ پر عالمی نمبر دو بن جائے گا۔

دوسری جانب بھارت کے خلاف شاندار سیریز جیت نیوزی لینڈ کو آٹھویں سے ساتویں نمبر پر لے آئی ہے۔ ایک-صفر کی سیریز جیت نے اسے پانچ شاندار پوائنٹس دیے ہیں جن کی بدولت ویسٹ انڈیز کو پیچھے چھوڑ کر عالمی نمبر سات بن گیا ہے۔ گوکہ دونوں ٹیموں کے پوائنٹس کی تعداد 87 ہے لیکن اعشاریہ کے فرق سے نیوزی لینڈ کو برتری حاصل ہے۔