ایشیا کپ میں سخت مقابلہ ہوگا؛ حوصلے بلند عزائم جواں ہیں: مصباح الحق
پاکستان کرکٹ ٹیم کے قائد مصباح الحق ایشیا کپ میں اپنے ٹائٹل کا بھرپور انداز سے دفاع کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ تجربکار اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کو مصباح ایک متوازن ٹیم تصور کرتے ہیں جو حال ہی میں سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے خلاف اہم سیریز میں کامیابیاں سمیٹ چکی ہے۔
مصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم اس وقت اچھی پوزیشن میں ہے اور گزشتہ تین، چار ماہ کی کارکردگی بھی تسلی بخش ہے۔ پاکستان ٹیم کو درپیش اوپپنگ مسائل کے حوالے سے مصباح نے کہا کہ احمد شہزاد ایک طویل عرصے سے ٹیم کے ہمراہ موجود ہیں اور انہوں نے بہتر کھیل پیش کیا جبکہ شرجیل خان نے کیریئر کے ابتداء میں اوسط کارکردگی دکھائی تاہم ان کے اندر اچھا بلے باز بننے کی بھرپور صلاحیت ہے۔
گرین شرٹس کے قائد نے مڈل آرڈر بلے باز صہیب مقصود کے حوالے سے کہا کہ انہوں نے نہ صرف سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے خلاف تجربکار کھلاڑیوں کے ساتھ اچھا کھیل پیش کیا بلکہ نوجوان کھلاڑیوں جیسے انور علی اور بلاول بھٹی کے ساتھ مل کر بھی ٹیم کو ایک بڑے مجموعہ تک پہنچایا۔
ایشیا کپ 2014ء میں پاکستان کے مدمقابل دیگر ٹیموں کے متعلق مصباح نے کہا کہ تمام ہی ٹیمیں جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اس لیے ہم سخت مقابلے کی توقع کر رہے ہیں۔ افغانستان کرکٹ ٹیم کی ایشیا کپ میں شرکت سے متعلق انہوں نے کہا افغان ٹیم نئی لیکن اچھی ٹیم ہے اور وہ کسی بھی روز اپنے مقابل حریف کو سخت مشکلات سے دوچار کرسکتی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم ایشیا کپ میں اپنا پہلا میچ سری لنکا، دوسرا نو آموز افغانستان، تیسرا روایتی حریف بھارت اور چوتھا و آخری میچ میزبان بنگلہ دیش ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔ ایشیا کپ 2014ء کا مکمل شیڈول یہاں ملاحظہ کریں۔