انڈر19 ورلڈ کپ: آسٹریلیا ڈھیر، جنوبی افریقہ پاکستان کے خلاف فائنل کھیلے گا
جنوبی افریقہ نے کاگیسو رباڈا کی شاندار باؤلنگ کی بدولت آسٹریلیا کو باآسانی شکست دے کر انڈر19 ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل جیت لیا۔
بدھ کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے انڈر19 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں نوجوان پروٹیز کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور سابق چیمپئن آسٹریلیا کو کسی مرحلے پر مقابلے پر حاوی نہ ہونے دیا۔ ٹاس سے لے کر اوپننگ شراکت اور بعد ازاں شاندار باؤلنگ تک ہمہ وقت بازی جنوبی افریقہ کے ہاتھ میں رہی اور آسٹریلیا کے کھلاڑی اس کے رحم و کرم پر رہے۔ جس کا اندازہ فتح کے مارجن ہی سے لگایا جا سکتا ہے یعنی 80 رنز سے!
رباڈا کی جس قدر تعریف کی جائے کم ہے۔ محض 18 سال کے اس سیاہ فام باؤلر نے مستقل 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے باؤلنگ کرکے حقیقتاً آسٹریلیا کے چھکے چھڑا دیے۔ محض 25 رنز دے کر 6 وکٹیں اور وہ بھی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں، اس نوجوان کو اور کیا چاہیے تھا؟
بہرحال، جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز کپتان ایڈن مارکرم اور وکٹ کیپر کلائیڈ فورٹوئن کے درمیان سنچری شراکت داری نے فتح کی بنیاد رکھ دی۔ دونوں کے درمیان 20 اوورز میں بننے والے 105 رنز نے جنوبی افریقہ کو ایک بڑے اسکور کے لیے پلیٹ فارم مہیا کیا۔ گو کہ آنے والے بلے باز اس کا بھرپور فائدہ نہ اٹھا سکےاور بقیہ 29 اوورز میں جنوبی افریقہ محض 125 رنز ہی کا اضافہ کر پایا لیکن بعد ازاں 230 رنز کا مجموعہ بھی آسٹریلیا کے لیے سراب ثابت ہوا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے نمایاں وکٹ کیپر فورٹوئن رہے جنہوں نے 92 گیندوں پر 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ کپتان مارکرم 63 گیندوں پر 45 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
231 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی حالت ابتداء ہی سے قابل رحم ہوگئی جب 33 رنز تک پہنچتے پہنچتے وہ اپنے تین بلے بازوں سے محروم ہوگیا تھا۔ کاگیسو کاباڈا کا یہ تہرا وار اتنا کاری ثابت ہوا کہ آسٹریلیا آخر تک اس کے صدمے سے نہ نکل سکا۔ کپتان ایلکس گریگری نے جیک ڈوران کے ساتھ مل کر اس مقام سے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی اور چوتھی وکٹ پر63 رنز بھی جوڑے۔ البتہ مقابلہ بچانا ان کے بس کی بات نہ لگتی تھی بالخصوص جب کوربن بوش نے ڈوران اپنے دو اوورز میں ان دونوں کو ٹھکانے لگا دیا۔ ڈوران 36 اور گریگری 31 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ رہی سہی کسر اگلی ہی گیند پر وکٹ کیپر بین میکڈرمٹ کے رن آؤٹ نے پوری کردی اور اس کے بعد محض خانہ پری ہی رہ گئی۔ 43 ویں اوور تک پہنچتے پہنچتے آسٹریلیا انڈر 19 کی اننگز محض 150 رنز پر مکمل ہوئی اور جنوبی افریقہ 80 رنز سے جیت کر فائنل تک پہنچ گیا۔
فائنل میں جنوبی افریقہ کا مقابلہ دو مرتبہ کے عالمی چیمپئن پاکستان کے ساتھ ہوگا جس نے چند روز قبل پہلے سیمی فائنل میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد انگلستان کو شکست دی تھی۔ پاک-جنوبی افریقہ فائنل یکم مارچ کو دبئی میں ہوگا جہاں جیتنے والی ٹیم انڈر10 عالمی چیمپئن بن جائے گی۔