[ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء] تجھ پہ نظر ہے!
مختصر ترین طرز کی کرکٹ کا سب سے اہم ایونٹ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء چند روز بعد سرزمین بنگال پر شروع ہوگا اوردنیا بھر کی نظریں اپنےپسندیدہ کھلاڑیوں پر مرکوز ہوجائیں گی۔ ڈھاکہ، چٹاگانگ اور سلہٹ کے میدانوں میں دنیا کی 10 بہترین ٹیموں کے نبرد آزما آتے ہی 'کرکٹ بخار' اپنے عروج کو پہنچ جائے گا۔ پرستاروں کی سب سے بڑی خواہش یہ ہوگی کہ ان کے پسندیدہ کھلاڑی ٹیم کی فتوحات میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں۔ سالہا سال سے کرکٹ میدانوں کی زینت سمجھے جانے والے کھلاڑی تو اپنی جگہ لیکن اس مرتبہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں چند ایسے نئے کھلاڑی بھی ہوں گے، جن کی کارکردگی دیکھنے کے قابل ہوگی۔ اس مرتبہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں کن کھلاڑیوں سے امیدیں وابستہ ہوں گی، یہ ہم آئندہ چند اقساط میں بتائیں گے۔ پاکستان کے شاہد آفریدی سے لے کر آسٹریلیا کے آرون فنچ تک اور نیوزی لینڈ کے کوری اینڈرسن سے لے کر ویسٹ انڈیز کے مارلون سیموئلز تک، ہر وہ کھلاڑی جو حریف ٹیم کے لیے زبردست خطرہ بن سکتا ہے، اور محض چند اوورز میں بازی پلٹ سکتا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ایسی طرز کی کرکٹ ہے جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان فرق بہت کم رہ جاتا ہے کیونکہ دو سے تین اوورز کھیل کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ماضی میں انگلستا ن کو نیدرلینڈز کے ہاتھوں اور حال ہی میں ویسٹ انڈیز کو آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوچکی ہے۔
اس مرتبہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء کے لیے منتظمین نے کچھ ایسا فارمیٹ تیار کیا ہے جس کے تحت دنیائے کرکٹ کی سرفہرست آٹھ ٹیمیں براہ راست حتمی مرحلہ کھیلیں گی جبکہ دیگر ملکوں کو ایک کوالیفائنگ گروپ نما ایک مرحلہ عبور کرنا ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں بنگلہ دیش اور زمبابوے کی ٹیمیں افغانستان، ہانگ کانگ، نیپال، آئرلینڈ، نیدرلینڈز اور متحدہ عرب امارات کا مقابلہ کریں گی اور ان میں سے دو ٹیمیں 'سپر 10' نامی مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جہاں ان کا مقابلہ دنیا کی بڑی کرکٹ قوتوں سے ہوگا۔
اہم مرحلے کا آغاز 21 مارچ کو شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، میرپور، ڈھاکہ میں پاک-بھارت مقابلے سے ہوگا جبکہ عالمی چیمپئن کا فیصلہ 8 اپریل کو اسی میدان پر ہوگا۔
تو منتظر رہیے ان کھلاڑیوں کے، جو آئندہ چند روز تک روزانہ کرک نامہ کے اس سلسلے کا حصہ بنیں گے اور ہم بتائیں گے کہ وہ کس طرح اپنی ٹیموں کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جتوا سکتے ہیں۔