جانسن اور فاکنر کی انجریز، آسٹریلیا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل پریشان

0 1,069

آسٹریلیا اس وقت ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی تیاریوں کے سلسلے میں جنوبی افریقہ سے نبرد آزما ہے لیکن دو خطرات اس کے سر پر منڈلا رہے ہیں۔ مچل جانسن اور جیمز فاکنر کا زخمی ہونا۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے آغاز سے محض چند روز قبل فاکنر اور جانسن کا مکمل فٹ نہ ہونا آسٹریلیا کے لیے برا شگون ہے (تصویر: Getty Images)
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے آغاز سے محض چند روز قبل فاکنر اور جانسن کا مکمل فٹ نہ ہونا آسٹریلیا کے لیے برا شگون ہے (تصویر: Getty Images)

جیمز فاکنر گو کہ دورۂ جنوبی افریقہ پر ٹیم کے ساتھ ہیں لیکن وہ جنوری میں انگلستان کے خلاف سیریز کے بعد سے اب تک ایکشن میں نظر نہیں آئے اور ٹیم انتظامیہ کو امید ہے کہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا کے مقابلوں کے آغاز سے قبل گھٹنے کی تکلیف سے نجات پا لیں گے۔

دوسری جانب ان فارم گیند باز مچل جانسن بھی پیر کے پنجے میں تکلیف کا شکار ہیں اور اس وقت پرتھ، آسٹریلیا میں گھر پر آرام کررہے ہیں اور قومی ٹیم کے ہمراہ بنگلہ دیش نہیں پہنچیں گے۔ لیکن کرکٹ آسٹریلیا کے میڈیکل آفیسر جسٹن پاؤلینی کو امید ہے کہ تاخیر سے ہی سہی لیکن وہ 23 مارچ کو پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کے پہلے مقابلے سے قبل مکمل فٹ ہوکر بنگلہ دیش پہنچ جائیں گے۔

اگر یہ دونوں کھلاڑی بروقت فٹ نہ ہوسکے تو آسٹریلیا کی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مہم کو سخت دھچکا پہنچے گا جو ویسے ہی 'گروپ آف ڈیتھ' میں ہے جہاں اس کا مقابلہ پاکستان، بھارت اور دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز جیسے سخت حریفوں سے ہوگا۔

آسٹریلیا کا قومی دستہ 14 مارچ کو سنچورین میں جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے بعد بنگلہ دیش روانہ ہوگا۔