آئی پی ایل کا پہلا مرحلہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا

0 1,015

بھارت نے ملک میں عام انتخابات کے پیش نظر انڈین پریمیئر لیگ کا ابتدائی مرحلہ متحدہ عرب امارات منتقل کردیا ہے۔

آئی پی ایل 2014ء کا پہلا مقابلہ 16 اپریل کو شیخ زاید اسٹیڈیم، ابوظہبی میں کھیلا جائے گا (تصویر: Getty Images)
آئی پی ایل 2014ء کا پہلا مقابلہ 16 اپریل کو شیخ زاید اسٹیڈیم، ابوظہبی میں کھیلا جائے گا (تصویر: Getty Images)

یوں ملک میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث بین الاقوامی سے محروم پاکستان کے 'ہوم گراؤنڈز' دنیا کی سب سے بڑی لیگ کی میزبانی کریں گے جس کے مقابلے 16 سے 30 اپریل تک ابوظہبی، شارجہ اور دبئی کے میدانوں میں کھیلے جائیں گے اور وہ بھی بغیر کسی پاکستانی کھلاڑی کے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا کہنا ہے کہ اب بھی لیگ کے تین چوتھائی مقابلے بھارت ہی میں ہوں گے اور اس کے لیے شیڈول میں کچھ مزید تبدیلیاں متوقع ہیں کیونکہ مختلف ریاستوں میں انتخابات کا شیڈول مختلف ہے۔ یکم مئی سے بھارت منتقل ہونے والے مقابلے ان ریاستوں میں کھیلے جائیں گے جہاں انتخابات مکمل ہوچکے ہوں گے جبکہ ان ریاستوں میں جہاں 7 اور 12 مئی کو ووٹنگ ہوگی وہاں 13 مئی کے بعد آئی پی ایل میچز ہوں گے۔

نئے شیڈول کے مطابق آئی پی ایل 2014ء کا پہلا مقابلہ 16 اپریل کو شیخ زاید اسٹیڈیم، ابوظہبی میں ممبئی انڈینز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان ہوگا۔

متحدہ عرب امارات میں بھارتی تارکین وطن کی کثیر تعداد مقیم ہے جو کئی سالوں سے اپنی ٹیم کو دیکھنے کے لیے ترس رہی ہے کیونکہ بھارت نے دہائیوں قبل فکسنگ کے الزامات لگا کر شارجہ میں کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔ اب بھارت سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو آنکھوں کے سامنے دیکھ پائیں گے اور توقع ہے کہ ان مقابلوں میں میدان تماشائیوں سے بھرے ہوں گے۔