پاکستان تاریخ کا دھارا پلٹ دے گا، انضمام الحق
پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ 21 مارچ کو پاکستان بھارت کے خلاف مقابلے میں تاریخ کا دھارا پلٹ دے گا اور گرین شرٹس بھارت کو شکست دے کر آئی سی سی ٹورنامنٹس میں شکستوں کے سلسلے کا خاتمہ کردیں گے۔
ایک نجی ٹیلی وژن چینل کو دیے گئے انٹرویو میں انضمام الحق نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ ٹیم بہترین ہے اور حال ہی میں ایشیا کپ میں بھارت کو شکست دینے کے بعد پاکستان کو نفسیاتی برتری حاصل ہے اور مجھے یقین ہے کہ اس مرتبہ پاکستان ضرور جیتے گا۔ گو کہ جنوبی افریقہ کے خلاف وارم اپ مقابلے میں شکست پر انہوں نے چند کھلاڑیوں پر تنقید کی لیکن 'انضی' کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف مقابلہ اصل میں دباؤ کو جھیلنے کا مقابلہ ہوتا ہے اور جو یہ برداشت کرلے گا، جیت جائے گا۔
پاکستان 1992ء کے عالمی کپ سے لے کر چیمپئنز ٹرافی 2013ء تک آئی سی سی کے کسی بھی ٹورنامنٹ میں بھارت کو شکست نہیں دے سکا جس میں عالمی کپ 2011ء کا سیمی فائنل اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2007ء کا فائنل بھی شامل ہے۔
عالمی چیمپئن دستے کے رکن رہنے والے انضمام الحق نے کہا کہ بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں ہم نے بھارت کے ہاتھوں شکست ضرور کھائی ہے لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ہم ہارتے ہی رہیں گے، پاکستان کی حالیہ کارکردگی اور کھلاڑیوں کی فارم ایسی ہے کہ اس مرتبہ مجھے لگتا ہے کہ بھارت کو شکست ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ ایشیا کپ ہی میں دیکھ لیں، بھارت کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کو ہمارے باؤلرز نے کیسے باندھ کر رکھا۔ اس لیے اب شیکھر دھاون ہوں یا روہیت شرما، ویراٹ کوہلی ہوں یا مہندر سنگھ دھونی پاکستان اپنے اسپنرز سعید اجمل، محمد حفیظ اور شاہد آفریدی کی بدولت ان پر قابو پائے گا۔ اس کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کا بہترین باؤلر عمر گل بھی پاکستان کے لیے اضافی ایڈوانٹیج ہوگا۔
120 ٹیسٹ اور 378 ایک روزہ مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے انضمام الحق نے قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کی بھی تعریف کی اور کہا کہ بنگلہ دیش کی سرزمین پر پاکستان نے حالیہ دنوں میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے اور خاص طور پر شاہد آفریدی بھرپور فارم میں دکھائی دے رہے ہیں اور وہ چند ہی گیندوں پر میچ کا رخ بدل دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے ہاتھوں وارم اپ میں شکست کو نیک شگون بھی قرار دیا کہ پاکستان کو اپنی کمزوریوں کا بروقت علم ہوگیا اور وہ اہم میچ سے قبل ان پر قابو بھی پا لے گا۔
کل یعنی جمعے کو پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے سے سپر 10 مرحلے کا باضابطہ آغاز ہوگا جس میں دنیائے کرکٹ کی 8 سرفہرست ٹیمیں اور پہلے مرحلے سے آنے والی دو مزید ممالک ٹی ٹوئنٹی کے عالمی اعزاز کی جنگ لڑیں گے۔