دورۂ ویسٹ انڈیز: سینیئر کھلاڑیوں کی چھٹی کا امکان

0 1,017

عالمی کپ میں غیر متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بلے باز مصباح الحق، یونس خان، عبدالرزاق اور وکٹ کیپر کامران اکمل کی دورہ ویسٹ انڈیز میں شمولیت مشکل نظر آرہی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کپتان شاہد آفریدی کے علاوہ ٹیم کے دیگر سینئر کھلاڑیوں کو اس دورے میں شامل کرنے پر عدم دلچسپی کا اظہار اس خیال کو تقویت پہنچا رہا ہے کہ آئندہ دورے میں سینئر کھلاڑیوں کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت کے واضح امکانات موجود ہیں۔ قوی امکان ہے کہ اس دورے کے لیے پی سی بی کی جانب سے اعلان کردہ اسکواڈ میں کئی نو آموز کھلاڑیوں کو پاکستان کی نمائندگی کا موقع دیا جائے گا اور ساتھ ہی ماضی میں نظر انداز کیے جانے والے کھلاڑیوں کو بھی طلب کیا جائے گا۔

شاہد آفریدی عالمی کپ میں سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی سے ناخوش ہیں

ذرائع کے مطابق کپتان شاہد آفریدی کی عالمی کپ میں شاندار کارکردگی کے باعث انہیں آئندہ دورے میں بھی کپتان برقرار رکھا جائے گا جبکہ پاکستانی ٹیم کے نائب کپتان مصباح الحق کی عدم شمولیت کے باعث آل راؤنڈر محمد حفیظ کو نائب کپتان مقرر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کامران اکمل کی جگہ ان کے منجھلے بھائی عدنان اکمل کو بھی موقع دیئے جانے کا امکان ہے جنہوں نے عالمی کپ سے قبل دورہ نیوزی لینڈ میں وکٹ کے پیچھے فرائض انجام دیئے تھے۔ کامران اکمل کو گزشتہ کئی ماہ سے غیر تسلی بخش کارکردگی کے باعث شدید تنقید کا سامنا رہا ہے۔

نوجوان اوپنر احمد شہزاد کی عالمی کپ میں مسلسل ناکامی کے باعث مجوزہ کھلاڑیوں میں دیگر اوپنرز کو بھی طلب کیے جانے کا امکان ہیں جن میں توفیق عمر کا نام قابل ذکر ہے۔ جب کہ مڈل آرڈر میں یونس خان اور مصباح الحق کے متبادل کے طور پر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے عظیم گھمن اور ماضی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے فیصل اقبال اور فواد عالم کو کیمپ طلب کیا جائے گا جبکہ اسد شفیق اور عمر اکمل کو بھی عالمی کپ کی کارکردگی دیکھتے ہوئے ٹیم میں شامل کیا کیا جائے گا۔

عالمی کپ کے اسکواڈ میں شامل فاسٹ باؤلرز عمر گل اور وہاب ریاض کے علاوہ جنید خان کی بھی دورہ ویسٹ انڈیز میں شمولیت کے واضح امکانات موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق شعیب اختر کی ریٹائرمنٹ کے بعد تنویر احمد، نجف شاہ اور انڈر 19 ورلڈ کپ کی فاتح پاکستان ٹیم کے رکن انور علی کو قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کا موقع دیا جائے گا۔ اسپن کا شعبہ عبدالرحمن اور سعید اجمل سنبھالیں گے جبکہ سابق پاکستانی مایہ ناز اسپنر عبدالقادر کے صاحبزادے عثمان قادر کی بطور لیگ بریک بالر شمولیت بھی متوقع ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کی ٹیم رواں ماہ کی 21 تاریخ کو ایک ٹی ٹونٹی میچ کھیل کر دورہ ویسٹ انڈیز کا آغاز کرے گی جہاں اسے میزبان ملک کے خلاف پانچ ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں سمیت دو ٹیسٹ میچز بھی کھیلنا ہیں۔

دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے ٹیم کا اعلان ان کھلاڑیوں میں سے کیا جائے گا:

شاہد آفریدی (کپتان)، محمد حفیظ (نائب کپتان)، احمد شہزاد، اسد شفیق، اظہر علی، انور علی، تنویر احمد، توفیق عمر، جنید خان، سعید اجمل، عبد الرحمن، عثمان قادر، عدنان اکمل (وکٹ کیپر)، عظیم گھمن، عمر اکمل، عمر گل، فواد عالم، فیصل اقبال، نجف شاہ اور وہاب ریاض۔