عالمی کپ 2015ء میں 10 ٹیمیں کھیلیں گی؛ آئی سی سی نے تصدیق کر دی

0 1,093

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے اعلان کیا ہے کہ 2015ء اور 2019ء میں ہونے والے دونوں عالمی کپ ٹورنامنٹس 10 ٹیموں کے مابین کھیلےجائیں گے۔

2015ء کا عالمی کپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں جبکہ 2019ء کا عالمی کپ انگلستان میں منعقد ہوگا۔

کرکٹ ورلڈ کپ 2015ء

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے اعلامیہ کے مطابق پیر کو ممبئی کے معروف تاج محل ہوٹل میں آئی سی سی کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں اراکین نے عالمی کپ جیتنے پر بھارت کو مبارکباد پیش کی اور ایک کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر تمام میزبان ممالک کو سراہا۔

ٹیموں کی تعداد کم ہونے کے اعلان کے بعد اس امر کے امکانات بہت زیادہ ہیں کہ 1992ء کے بعد پہلی بار اگلا عالمی کپ راؤنڈ رابن طرز پر کھیلا جائے یعنی تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک میچ کھیلیں گی اور ان میں سے اولین چار سیمی فائنل تک رسائی حاصل کریں گی۔ عالمی کپ کی تاریخ میں صرف ایک مرتبہ یعنی 1992ء میں راؤنڈ رابن طرز پر ٹورنامنٹ کھیلا گیا تھا جس میں پکستان نے پہلی بار عالمی اعزاز حاصل کیا تھا۔

علاوہ ازیں آئی سی سی نے فیصلہ کیا ہے کہ 2019ء کے عالمی کپ کے لیے ایک کوالیفکیشن مقابلہ ہوگا جس کے بعد ممکنہ طورپر عالمی کپ کے لیے آخری دو ٹیموں کا فیصلہ ہوگا۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے ایک روزہ عالمی کپ سے ایسوسی ایٹ اراکین کے اس اخراج کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ ان کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں موقع دیا جا ئے گا جہاں ٹیموں کی تعداد بڑھا کر 16 کر دی گئی ہے۔ اس طرح ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں 6 ایسوسی ایٹ اراکین شامل کیے جائیں گے۔ اگلا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء میں سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی کی جانب سے عالمی کپ میں ٹیموں کی تعداد کم کرنے کا معاملہ کئی ماہ سے زیر بحث تھا اور عالمی کپ 2011ء کے ابتدائی یکطرفہ میچز کے بعد یہ بحث مزید زور پکڑ گئی تھی کہ عالمی کپ میں ایسوسی ایٹ اراکین کو شامل کیا جائے یا نہیں، جس پر ایسوسی ایٹ اراکین خصوصا آئرلینڈ کی جانب سے سخت ردعمل دیکھنے میں آیا تھا۔

پیر کو منعقد ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں آئی سی سی کے 10 مکمل اور 3 ایسوسی ایٹ رکن بورڈز کے سربراہان نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر آئی سی سی کے صدر شرد پوار، نائب صدر ایلن آئزک اور چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ بھی موجود تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے اجلاس میں شرکت سے معذرت کر لی تھی ان کی جگہ پاکستان کی نمائندگی سبحان احمد نے کی۔