دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے ٹیم کا اعلان، مصباح شامل، کامران، رزاق، یونس باہر
پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے 16 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، جس میں کئی سینئر کھلاڑیوں کو شامل نہیں کیا گیا۔ شاہد آفریدی اس دورہ میں بھی پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے۔
عالمی کپ 2011ء میں مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر عبد الرزاق اور کامران اکمل کو ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے لیے نکال دیا گیا ہے جبکہ تیز باؤلر عمر گل اور سینئر بلے باز یونس خان کو آرام کا موقع دیا گیا ہے۔
کامران اکمل نے عالمی کپ 2011ء کے دوران خصوصا نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں انتہائی ناقص وکٹ کیپنگ کا مظاہرہ کیا اور حریف کھلاڑی روز ٹیلر کے ایک ہی اوور میں دو کیچ چھوڑے۔ ان چانسز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے روز ٹیلر نے شاندار سنچری اسکور کی اور پاکستان کو اہم گروپ میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں سیمی فائنل مقابلے میں بھی ایک اہم موقع پر انہوں نے سچن ٹنڈولکر کو آؤٹ کرنے کا موقع گنوایا۔
ان کی جگہ طلب کیے گئے محمد سلمان قومی کرکٹ میں فیصل آباد کی نمائندگی کرتے ہیں تاہم ان کی پیدائش کراچی کی ہے۔ وہ 103 فرسٹ کلاس میچز میں 301 کھلاڑیوں کو وکٹوں کے پیچھے شکار بنا چکے ہيں جبکہ بلے بازی میں بھی 26.63 کی اوسط سے 3569 رنز بناچکے ہیں۔ 29 سالہ سلمان قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں فیصل آباد وولفز کی جانب سے کھیلتے ہیں۔
دوسری جانب عبد الرزاق بھی کامران اکمل کی طرح عالمی کپ میں کوئی متاثر کن کارکردگی پیش نہ کر سکے اور صرف ایک مرتبہ نصف سنچری اسکور کی۔ باؤلنگ میں بھی وہ حریف بلے بازوں کے لیے کوئی بڑا خطرہ ثابت نہیں ہوئے۔ گو کہ انہیں بیٹنگ میں آٹھویں نمبر پر بھیجا گیا اس طرح ان کے پاس بلے بازی کا موقع ہی نہ بچتا جبکہ باؤلنگ میں بھی ان سے کبھی 10 اوورز نہیں کروائے گئے۔ تاہم انہیں جتنا بھی موقع دیا گیا اس میں ان کو مثالی فارم میں نہیں دیکھا گیا۔
ایک روزہ اسکواڈ میں طلب کیے گئے دیگر قابل ذکر کھلاڑیوں میں اعزاز چیمہ بھی شامل ہیں جنہیں عمر گل کی جگہ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ پنجاب سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ اعزاز 62 فرسٹ کلاس میچز میں 221 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جبکہ ان کی بہترین کارکردگی 24 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کرنا ہے۔
دورۂ نیوزی لینڈ میں متاثر کن کارکردگی دکھانے والے تنویر احمد اور عالمی کپ کے لیے ٹیم میں شامل جنید خان بھی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے جبکہ انڈر 19 میں سے دو کھلاڑیوں حماد اعظم اور عثمان صلاح الدین کو قومی ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔
پاکستان دورے کا آغاز 18 اپریل کو ایک وارم اپ میچ کے ساتھ کرے گا جبکہ ویسٹ انڈیز سے اس کا پہلا سامنا 21 اپریل کو سینٹ لوشیا میں واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ہوگا۔ پانچ ایک روزہ میچز کا پہلا مقابلہ 23 اپریل سے ہوگا۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 12 مئی سے ہوگا جس کے لیے ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے اعلان کردہ قومی ٹیم میں مندرجہ ذیل کھلاڑی شامل ہیں:
شاہد آفریدی (کپتان)، محمد حفیظ، احمد شہزاد، اسد شفیق، اعزاز چیمہ، تنویر احمد، توفیق عمر، جنید خان، حماد اعظم، سعید اجمل، عبد الرحمن، عثمان صلاح الدین، عمر اکمل، محمد سلمان (وکٹ کیپر)، مصباح الحق اور وہاب ریاض۔