پاکستان کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی کے لیے ویسٹ انڈین ٹیم کا اعلان

0 1,039

عالمی کپ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے تیز گیند باز کیمار روچ بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں (گیٹی امیجز)
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے لیے اپنے دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں 4 نئے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ 21 اپریل کو سینٹ لوشیا میں ہونے والے واحد مقابلے کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ میں لینڈل سیمنز اور مارلون سیموئلز کو بھی طلب کر لیا ہے۔ سیموئلز غیر قانونی سٹے بازوں کے ساتھ مبینہ تعلقات کے باعث دو سال پابندی کا شکار ہونے کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شمولیت کے لیے ایک بڑی شرط مقامی کیریبیئن ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شرکت ہے اور اس شرط کی وجہ سے کرس گیل، ڈیوائن براوو، کیرون پولارڈ، شیونارائن چندرپال، رامنریش سروان اور سلیمان بین ٹیم میں حصہ نہیں بن سکے۔ البتہ عالمی کپ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے دو نوجوان کھلاڑی دیوندر بشو اور آندرے رسل کو شامل کیا گیا ہے جبکہ قیادت ڈیرن سیمی ہی کے پاس رہے گی۔

دستے میں شامل کیے گئے نئے کھلاڑیوں میں جمیکا کے ڈینزا ہیاٹ، گیانا کے آل راؤنڈر کرسٹوفر بارنویل، بارباڈوس کے آف اسپنر ایشلے نرس اور جمیکا ہی کے باؤلر کرشمار سنتوکی شامل ہیں۔ ماضی کے معروف ویسٹ انڈین کھلاڑی اور آئرلینڈ کے موجودہ کوچ فل سیمنز کے صاحبزادے لینڈل سیمنز کو بھی ایک مرتبہ پھر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل وہ 2010ء میں آسٹریلیا کا دورہ کرنے والے ویسٹ انڈین اسکواڈ میں شامل تھے۔

ویسٹ انڈیز 23 مارچ کو عالمی کپ 2011ء کے کوارٹر فائنل میں پاکستان کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد پہلی بار اس کا سامنا کرے گا۔

مکمل ویسٹ انڈین اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:
ڈیرن سیمی (کپتان)، ایشلے نرس، آندرے رسل، آندرے فلیچر، دیوندر بشو، ڈیرن براوو، ڈینزاہیاٹ، روی رامپال، کرسٹوفر بارنویل، کرشمار سنتوکی، کیمار روچ، لینڈل سیمنز اور مارلون سیموئلز۔