سنگاکارا کے بعد جے وردھنے بھی عہدے سے مستعفی

0 1,036

سری لنکا کے کپتان کمار سنگاکارا کی قیادت سے دستبرداری کے بعد نائب کپتان مہیلا جے وردھنے بھی ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ سنگاکارا کی طرح انہوں نے بھی عہدہ چھوڑنے کا سبب کسی نوجوان کھلاڑی کو قیادت کی ذمہ داری عطا کرنا قرار دیا ہے۔

33 سالہ سنگاکارا کو عالمی کپ 2011ء کے لیے سری لنکا کی نائب کپتانی سونپی گئی تھی، جس میں سری لنکا مسلسل دوسری مرتبہ عالمی کپ کے فائنل میں پہنچا۔ اس میچ میں مہیلا جے وردھنے نے شاندار سنچری بنائی تاہم ان کی ذمہ دارانہ اننگ بھی ٹیم کے کام نہ آ سکی اور اسے شکست کا سامنا ہوا. بھارت نے 28 سال بعد عالمی چمپیئن بن کر سری لنکا کو نامراد وطن واپس لوٹا دیا۔

سری لنکا کرکٹ کی گورننگ باڈی نے جے وردھنے کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ اگلے چند روز میں اجلاس طلب کر کے نئے کپتان اور نائب کپتان کو منتخب کرے گا۔

ٹیسٹ کرکٹ میں 9527 اور ایک روزہ مقابلوں میں 9423 رنز بنانے والے جے وردھنے کو 2006ء میں آئی سی سی کی جانب سے سال کا بہترین کپتان قرار دیا گیا تھا۔ انہوں نے فروری 2009ء میں سری لنکا کے کپتان کی حیثیت سے بھی استعفیٰ دیا تھا جس کے بعد قیادت کمار سنگاکارا کے سپرد کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ سری لنکا کے کپتان اور نائب کپتان کے علاوہ تین رکنی سلیکشن کمیٹی بھی اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے چکی ہے۔ سری لنکا اگلے ماہ (مئی) سے انگلستان کا دورہ کرے گا جہاں وہ تین ٹیسٹ اور پانچ ایک روزہ مقابلوں میں میزبان ٹیم کا سامنا کرے گا۔