گاوسکر بورڈ سربراہ مقرر، چنئی اور راجستھان کو آئی پی ایل کھیلنے کی اجازت

2 1,051

انڈین پریمیئر لیگ 2014ء کے معاملات سنبھالنے کے لیے بھارت کی عدالت نے سابق کپتان سنیل گاوسکر کو کرکٹ بورڈ کا عبوری سربراہ مقرر کردیا ہے جبکہ چنئی سپر کنگز اور راجستھان رائلز کو آئی پی ایل کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔

گاوسکر بورڈ کے آئی پی ایل سے متعلق معاملات سنبھالیں گے (تصویر: BCCI)
گاوسکر بورڈ کے آئی پی ایل سے متعلق معاملات سنبھالیں گے (تصویر: BCCI)

آئی پی ایل فکسنگ معاملے کی تحقیقات کرنے والی عدالت نے گزشتہ سماعت کے دوران سفارش پیش کی تھی کہ این شری نواسن کے عہدے سے دستبردار ہوجانے کے بعد اب معاملات عارضی طور پر سنیل گاوسکر کے سپرد کیے جائیں، یہاں تک کہ قضیے کی سماعت مکمل نہ ہوجائے۔ علاوہ ازیں فکسنگ معاملے میں زیر تفتیش چنئی سپر کنگز اور راجستھان رائلز کی ٹیموں کو رواں سال کھیلنے سے روکنے کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا البتہ آج عدالت نے ان دونوں ٹیموں کو آئی پی ایل7 میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ گاوسکر صرف آئی پی ایل کے معاملات دیکھیں گے جبکہ دیگر امور بی سی سی آئی کے نائب صدر نمٹائیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل کے علاوہ دیگر معاملات سینئر ترین نائب صدر شیولعل یادیو دیکھیں گے جبکہ اس نے چنئی اور راجستھان کی ٹیموں کو کھیلنے کی اجازت دینے پر مسرت کا اظہار کیا ۔

جسٹس اے کے پٹنائیک اور ابراہم خلیف اللہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے واضح کیا ہے کہ وہ سماعت مکمل ہونے کے بعد اپنا حتمی فیصلہ سنائے گا۔ مقدمے کی اگلی سماعت 16 اپریل کو ہوگی جس میں بی سی سی آئی کے وکیل کو اپنے دلائل پیش کرنے کا پہلا موقع ملے گا۔

گزشتہ سال سامنے آنے والے اسپاٹ و میچ فکسنگ قضیے میں چنئی سپر کنگز کے مالک اور بی سی سی آئی سربراہ این شری نواسن کے داماد گروناتھ مے یپن دھر لیے گئے تھے اور عدالت نے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے گزشتہ ماہ اپنی تفصیلی رپورٹ عدالت کو پیش کی ہے۔