پیسہ ہی سب کچھ نہیں ہے، روی بوپارا نے آئی پی ایل کھیلنے کی پیشکش ٹھکرا دی

0 1,020

انگلش آل راؤنڈر روی بوپارا نے انڈین پریمیئر لیگ میں کھیلنے کی پیشکش ٹھکراتے ہوئے انگلستان کی ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کو اپنا ہدف قرار دیا ہے۔

جنوری میں انڈین پریمیئر لیگ کی نیلامی میں 'فروخت' نہ ہو پانے والے بوپارا کو راجستھان رائلز کی جانب سے ایک لاکھ برطانوی پاؤنڈز کی پیشکش کی گئی تھی۔ راجستھان پال کولنگ ووڈ کی جگہ بوپارا کو دستے میں شامل کرنا چاہ رہا تھا جو عالمی کپ کے دوران گھٹنا زخمی ہونے کے باعث اب آئی پی ایل نہیں کھیل پائیں گے۔

روی بوپارا نے کہا ہے کہ وہ اگلے ماہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلش دستے کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔ روی پال کولنگ ووڈ، جنہوں نے جنوری میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا، کی جگہ پانے کے لیے مضبوط امیدوار بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل کی پیشکش کو ٹھکرانا ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن ایک نوجوان کھلاڑی کی حیثیت سے میرے لیے ٹیسٹ مقابلوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنا اور کاؤنٹی کی جانب سے کھیلنا ہمیشہ زیادہ اہم رہا ہے۔

2009ء میں آسٹریلیا کے خلاف ہیڈنگلے ٹیسٹ کے بعد طویل فارمیٹ کھیلنے سے محروم روی نے کہا ہے کہ پیسہ ہی سب کچھ نہیں ہے۔ گو کہ ٹوئنٹی 20 کرکٹ کا بہت اہم حصہ ہے لیکن ٹیسٹ کرکٹ ہمیشہ کھیل کی معراج رہی ہے۔ کولنگ ووڈ کی عدم موجودگی کے باعث ٹیسٹ دستے میں ایک جگہ خالی ہے اور کوئی نہ کوئی اس جگہ کو بھرے گا اور میں چاہتا ہوں کہ میں کاؤنٹی میں ایسکس کی نمائندگی کرتے ہوئے کچھ رنز بناؤں اور وکٹیں حاصل کروں اور اس جگہ کو حاصل کروں۔

بوپارا کے پاس اب ڈیڑھ ماہ باقی ہے کہ وہ کاؤنٹی کرکٹ میں اپنی اہلیت ثابت کرتے ہوئے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے منتخب ہوں۔ انگلستان اور سری لنکا کے مابین پہلا ٹیسٹ 26 مئی کو کھیلا جائے گا۔