سری لنکا نے آئی پی ایل میں شریک کھلاڑیوں کو وطن واپس بلا لیا

0 1,031

سری لنکا نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شریک اپنے تمام کھلاڑیوں کو وطن واپسی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ سری لنکا کے وزیر کھیل مہندنندا التھوگاماگے کے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام کھلاڑی اگلے ماہ دورۂ انگلستان سے قبل تربیتی کیمپ میں شرکت کے لیے وطن واپس آ جائیں۔

سری لنکن کھلاڑیوں کو 5 مئی کو کولمبو میں تربیتی کیمپ میں شرکت کرنی ہے اور ٹیم 10 مئی کو انگلستان روانہ ہوگی۔

سری لنکا انگلستان کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز کھیلے گا

وزارت کھیل نے کمار سنگاکارا، مہیلا جے وردھنے اور لاستھ مالنگا سمیت دیگر کھلاڑیوں کو اپنی قومی ذمہ داریوں کو اولیت دینے کی یاددہانی کرائی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ "مستقبل میں قومی کرکٹر صرف اسی صورت میں کسی غیر ملکی ٹورنامنٹ میں حصہ لے سکتے ہیں جب قومی ٹیم میں ان کی تربیت کو متاثر نہیں ہوگی۔"

سنگاکارا اور جے وردھنے ان 11 سری لنکن کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو آئی پی ایل میں شریک ہیں۔ ان میں سنگاکارا، جے وردھنے، دلشان سمیت پانچ کھلاڑی ایسے ہیں جو ممکنہ طور پر انگلستان کے خلاف سیریزکے لیے دستے میں شامل کیے جائیں گے۔

بیان میں اس امر کی وضاحت نہیں کی گئی کہ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے پر کھلاڑیوں کو کیا سزا دی جائے گی تاہم سرکاری ذرائع نےبتایا ہے کہ انہیں دورۂ انگلستان کے لیے ٹیم سے باہر کیا جا سکتا ہے۔

سری لنکا اور انگلستان کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ 26 مئی سے کارڈف میں شروع ہوگا۔

اس کے بعد ٹیم 5 ایک روزہ مقابلوں اور ایک ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کرے گی۔