پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز؛ ویسٹ انڈین دستے کا اعلان

0 1,086

ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف 5 ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کے اولین دو میچز کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس میں اس کے سینئر ترین کھلاڑی کرس گیل، شیونرائن چندرپال اور رامنریش سروان شامل نہیں ہیں۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ایک روزہ مقابلوں کا آغاز 21 اپریل سے ہو رہا ہے جب دونوں ٹیمیں سینٹ لوشیا میں پہلے ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گی۔

عالمی کپ میں زخمی ہو جانے والے ڈیوین براوو بھی ویسٹ انڈیز کے دستے میں شامل ہیں
عالمی کپ 2011ء کے دوران گھٹنے کی انجری کے باعث باہر ہو جانے والے ڈیوین براوو کو دوبارہ ٹیم میں طلب کر لیا گیا ہے اور وہ سیریز میں کپتان ڈیرن سیمی کے نائب کے فرائض سرانجام دیں گے۔

13 رکنی دستے میں شامل کیے گئے واحد غیر تجربہ کار کھلاڑی اینٹیگا کے لیگ اسپنر انتھونی مارٹن ہوں گے، جنہوں نے آج تک کوئی ایک روزہ بین الاقوامی میچ نہیں کھیلا۔

کیرون پولارڈ انڈین پریمیئر لیگ میں ممبئی انڈینز کی نمائندگی کی ترجیح دیں گے اس لیے پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے جبکہ براوو اس سیریز کے بعد دو ٹیسٹ میچز نہیں کھیلیں گے اور آئی پی ایل میں چنئی سپر کنگز کی نمائندگی کریں گے۔

گیل، چندرپال اور سروان جیسے سینئر کھلاڑیوں کا اخراج سلیکٹرز کے ارادوں کو ظاہر کرتا ہے جو عالمی کپ کے کوارٹر فائنل میں ویسٹ انڈیز کی شکست کے بعد نوجوان کھلاڑیوں کو سامنے لانے پر زیادہ زور دے رہے ہیں۔ ان تین اہم کھلاڑیوں کے علاوہ ویسٹ انڈیز نے بائیں ہاتھ سے اسپن باؤلنگ کرانے والے سلیمان بین اور نکیتا ملر کو بھی شامل نہیں کیا گیا۔

پاکستان کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے بھی ٹیم میں شامل مارلون سیموئلز کو غیر قانونی سٹے بازوں سے تعلق کے باعث دو سال کی پابندی کا سامنا کرنے کے بعد پہلی بار ٹیم میں طلب کیا گیا ہے۔ ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے بلے باز لینڈل سمنز، اور عالمی کپ کے دستے کا حصہ بننے والے بلے باز کرک ایڈورڈز اور آل راؤنڈر آندرے رسل بھی ٹیم میں موجود ہوں گے۔

اعلان کردہ 13 رکنی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
ڈیرن سیمی (کپتان)، ڈیوین براوو (نائب کپتان)، آندرے رسل، انتھونی مارٹن، دیوندر بشو، ڈیرن براوو، ڈیوون اسمتھ، ڈیوون تھامس (وکٹ کیپر)، روی رامپال، کرک ایڈورڈز، کیمار روچ، لینڈل سمنز اور مارلون سیموئلز۔