عالمی درجہ بندی، شین واٹسن سرفہرست آل راؤنڈر بن گئے

0 1,017

آسٹریلیا کے آل راؤنڈر شین واٹسن بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں یادگار کارکردگی دکھانے کے بعد ایک روزہ کرکٹ کے آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں سرفہرست آ گئے ہیں۔

شین واٹسن، سرفہرست آل راؤنڈر کے ساتھ آسٹریلیا کے سب سے اونچے درجے پر فائز بلے باز بھی بن گئے ہیں

بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے اختتام پر جمعرات کو جاری ہونے والی تازہ درجہ بندی میں شین واٹسن نے بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سرفہرست جگہ اپنے نام کر لی ہے۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف تین ایک روزہ مقابلوں میں مجموعی طور پر 294 رنز بنائے اور تین وکٹیں حاصل کیں۔ ان رنز میں ان کی 185 رنز کی ناقابل شکست اور ریکارڈ ساز اننگ بھی شامل ہے۔ اب انہیں اپنے حریف شکیب پر 44 پوائنٹس کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

دوسری جانب واٹسن نے بلے بازوں کی عالمی درجہ بندی میں بھی 9 درجے پھلانگ کر چوتھی پوزیشن ہتھیا لی ہے۔ وہ اب آسٹریلیا کے سب سے بلند درجے پر فائز بلے باز بن گئے ہیں جبکہ ان کے ہم وطن مائیکل ہسی بدستور چھٹے نمبر پر ہیں۔

دوسری جانب باؤلرز میں آسٹریلیا کے مچل جانسن سیریز میں سات وکٹیں حاصل کرنے کے بعد چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

دنیا کے 20 بہترین بلے بازوں میں پاکستان کے کسی بلے باز کا نام نہیں ہے البتہ کپتان شاہد آفریدی بہترین باؤلرز کی فہرست میں 9 ویں اور آل راؤنڈز کی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

یکم اپریل 2011ء تک عالمی ٹیسٹ اور ایک روزہ درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر بھارت اور آسٹریلیا کو ایک لاکھ 75 ہزار ڈالرز کا انعام دیا گیا ہے۔ بھارت دسمبر 2009ء سے ٹیسٹ درجہ بندی کی پہلی پوزیشن پر فائز ہے جبکہ آسٹریلیا نے ستمبر 2009ء میں ایک روزہ کرکٹ میں سرفہرست ٹیم کا درجہ حاصل کیا تھا۔ اس انعامی رقم کے علاوہ باورت کو ایک روزہ کرکٹ میں دوسرا درجہ ملنے پر مزید 75 ہزار ڈالرز ملیں ہیں جبکہ ٹیسٹ میں دوسری پوزیشن کے ساتھ سال کا اختتام کرنے پر جنوبی افریقہ کو بھی 75 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم دی گئی ہے۔

آئی سی سی ایک روزہ درجہ بندی (بمطابق 14 اپریل 2011ء)

درجہ ملک ریٹنگ
1 آسٹریلیا 129
2 بھارت 121
3 سری لنکا 118
4 جنوبی افریقہ 116
5 انگلستان 105
6 پاکستان 103
7 نیوزی لینڈ 94
8 ویسٹ انڈیز 68
9 بنگلہ دیش 67
10 آئرلینڈ 42
11 زمبابوے 37
12 نیدرلینڈز 10
13 کینیا 0

 

آئی سی سی ٹیسٹ درجہ بندی (بمطابق یکم اپریل 2011ء)

درجہ ملک ریٹنگ
1 بھارت 128
2 جنوبی افریقہ 117
3 انگلستان 115
4 سری لنکا 109
5 آسٹریلیا 107
6 پاکستان 90
7 ویسٹ انڈیز 85
8 نیوزی لینڈ 78
9 بنگلہ دیش 7

 

آئی سی سی ایک روزہ کرکٹ کے بہترین بلے باز (بمطابق 14 اپریل 2011ء)

درجہ کھلاڑی ملک پوائنٹس
1 ہاشم آملہ جنوبی افریقہ 867
2 اے بی ڈی ولیئرز جنوبی افریقہ 804
3 تلکارتنے دلشان سری لنکا 761
4 شین واٹسن آسٹریلیا 758
5 کمار سنگاکارا سری لنکا 753
6 مائیکل ہسی آسٹریلیا 748
7 جوناتھن ٹراٹ انگلستان 737
8 ویرات کوہلی بھارت 733
9 مہندر سنگھ دھونی بھارت 729
10 سچن ٹنڈولکر بھارت 712

 

آئی سی سی ایک روزہ کرکٹ کے بہترین گیند باز (بمطابق 14 اپریل 2011ء)

درجہ کھلاڑی ملک پوائنٹس
1 ڈینیل ویٹوری نیوزی لینڈ 701
2 رے پرائس زمبابوے 678
3 گریم سوان انگلستان 667
4 ڈیل اسٹین جنوبی افریقہ 663
5 مورنی مورکل جنوبی افریقہ 661
6 مچل جانسن آسٹریلیا 654
7 لونوابو سوٹسوبے جنوبی افریقہ 652
8 اجنتھا مینڈس سری لنکا 644
9 شاہد آفریدی پاکستان 643
10 نووان کولاسیکرا سری لنکا 642

 

آئی سی سی ایک روزہ کرکٹ کے بہترین آل راؤنڈرز (بمطابق 14 اپریل 2011ء)

درجہ کھلاڑی ملک پوائنٹس
1 شین واٹسن آسٹریلیا 428
2 شکیب الحسن بنگلہ دیش 384
3 شاہد آفریدی پاکستان 367
4 یووراج سنگھ بھارت 347
5 ژاک کیلس جنوبی افریقہ 339