محمد حفیظ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت سے استعفی دے دیا
ٹی ٹوئنٹی طرز کرکٹ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے محمد حفیظ نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے اور ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں و ٹیسٹ میچز میں بھی پاکستانی ٹیم کے لیے نائب کپتانی سے بھی معذرت کرلی ہے۔
محمد حفیظ نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی سے ملاقات کی۔ بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے قیادت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے اہم میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف رسوا کن شکست کی ذمہ داری بھی قبول کی۔
نئے کپتان کے حوالے سے محمد حفیظ نے کہا کہ وہ یہ فیصلہ پی سی بی پر چھوڑتے ہیں اور وہ کسی بھی کپتان کی قیادت میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کو تیار ہیں۔محمد حفیظ نے مزید کہا کہ وہ پی سی بی، ساتھی کھلاڑیوں اور دوست و احباب کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ محمد حفیظ کو مئی 2012 میں پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سونپی گئی تھی۔ ان سے پہلے مصباح الحق مختصر ترین کرکٹ میں پاکستان کی قیادت سرانجام دیتے رہے تاہم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اب وہ ایک روزہ اور ٹیسٹ مقابلوں میں پاکستان کی قیادت کر رہے ہیں۔