انگلستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے سری لنکا کے 16 رکنی دستے کا اعلان، مالنگا شامل نہیں
سری لنکا نے دورۂ انگلستان کے ٹیسٹ مرحلے کے لیے 16 رکنی دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں لاستھ مالنگا اور اینجلو میتھیوز شامل نہیں ہیں۔
میتھیوز، جو مہیلا جے وردھنے کی جانب سے نائب کپتانی چھوڑنے کے بعد سری لنکا کے اگلے نائب قائد سمجھے جا رہے ہیں، انجری کے باعث دستے کا حصہ نہیں بن سکے۔ اسی انجری کی وجہ سے وہ بھارت میں جاری انڈین پریمیئر لیگ بھی نہیں کھیل پائے۔ دوسری جانب ایک روزہ کرکٹ کے دہشت ناک باؤلر لاستھ مالنگا کی پانچ روزہ مقابلوں میں فٹنس عرصے سے زیر بحث رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہیں ایک مرتبہ پھر ٹیسٹ ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
16 رکنی دستے میں چار فاسٹ باؤلرز دلہارا فرنانڈو، چناکا ولیگاڈارا، سورنگا لکمال اور نووان پردیپ شامل ہیں۔ لاہیرو تھیریمانے اور دنیش چندیمال کی صورت میں نئے بلے بازوں کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا۔
نئے کپتان تلکارتنے دلشان کی زیر قیادت سری لنکن دستہ 10 مئی کو انگلستان روانہ ہوگا جہاں وہ تین ٹیسٹ، ایک ٹی ٹوئنٹی اور 5 ایک روزہ مقابلوں میں میزبان ٹیم کا سامنا کرے گا۔ دورے کا باضابطہ آغاز 26 مئی کو صوفیہ گارڈنز، کارڈف میں پہلے ٹیسٹ میچ سے ہوگا۔
دو سابق کپتان اور سینئر کھلاڑی کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے بھی دستے کے ساتھ ہوں گے۔ سنگاکارا نے عالمی کپ 2011ء کے فائنل میں شکست کے بعد قیادت سے استعفی دے دیا تھا جبکہ جے وردھنے بھی انہی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے عہدے سے دستبردار ہوئے۔ جے وردھنے نے 2007ء کے عالمی کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد قیادت چھوڑ دی تھی اور یوں قیادت کا ہما سنگاکارا کے سر بیٹھا۔ جن کی زیر قیادت سری لنکا مسلسل دوسری مرتبہ عالمی کپ کے فائنل تک پہنچا لیکن ایک مرتبہ پھر شکست سے دوچار ہوا۔
سری لنکن سلیکشن کمیٹی نے دلشان کے نائب کا اعلان نہیں کیا جن کا کہنا تھا کہ ممکنہ نائب کپتان زخمی ہونے کے باعث انگلستان میں ٹیم کا حصہ نہیں بن پائیں گے۔ آج اینجلو کی دستے میں عدم موجودگی سے یہی ظاہر ہوتا ہے کہ نائب کپتان کے لیے انہی کا نام زیر غور تھا۔
یہ عالمی کپ 2011ء کے فائنل میں شکست کے بعد سری لنکا کی پہلی کرکٹ مہم ہوگی، جس میں وہ عالمی کپ سے قبل آسٹریلیا کو اسی کی سرزمین پر بدترین انداز میں شکست دینے والے انگلستان کے مدمقابل ہوگا۔ یہ سیریز نوجوان کھلاڑیوں اور نئے قائد کی صلاحیتوں کا بہت بڑا امتحان ہوگی۔
اعلان کردہ سری لنکن دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:
تلکارتنے دلشان (کپتان)، اجنتھا مینڈس، پرسنا جے وردھنے (وکٹ کیپر)، تھارنگا پراناوتنا، تھیسارا پیریرا، تھیلان سماراویرا، چناکا ولیگاڈارا، دلہارا فرنانڈو، دنیش چندیمال، رنگانا ہیراتھ، سورج رندیو، سورنگا لکمال، کمار سنگاکارا، لاہیرو تھیریمانے، مہیلا جے وردھنے اور نووان پردیپ۔