پاکستان ویمنز نے سری لنکا کو واحد ایک روزہ میچ میں شکست دے دی

0 1,031

پاکستان کی ویمنز کرکٹ ٹیم نے یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واحد ایک روزہ میچ میزبان سری لنکا کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔

اس فتح میں اہم ترین کردار اوپنر بلے باز جویریہ خان کا رہا جنہوں نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 ناقابل شکست رنز بنائے اور ٹیم کو ایسے وقت میں فتح تک پہنچایا جب دوسرے اینڈ سے وکٹیں یکے بعد دیگرے گر رہی تھیں۔ جویریہ نے 118 گیندوں کا سامنا کیا اور 5 چوکوں کی مدد سے اپنی زندگی کی یادگار ترین اننگ کھیلی۔ کپتان ثناء میر اور اسماویہ اقبال نے بالترتیب 20 اور 25 رنز بنا کر آن کا بھرپور ساتھ دیا۔

آن تین بلے بازوں کے علاوہ پاکستانی خواتین بلے بازوں میں کوئی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا بلکہ پاکستانی اننگ بھی سری لنکن اننگ کا ری پلے ثابت ہوئی۔ 62 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد جویریہ نے اسماویہ اقبال (20) اور بتول فاطمہ (13) کے ساتھ اہم شراکت داریاں قائم کیں اور پاکستان کی فتح کی راہ ہموار کی۔

کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے اس لو اسکورنگ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پاکستانی باؤلرز کی شاندار باؤلنگ کے سامنے محض 150 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ قانطہ جلیل نے اننگ کی پہلی کی گیند پر چماری اتاپتو کو بولڈ کیا اور پھر 48 رنز تک پہنچتے پہنچتے اس کی چھ وکٹیں گر چکی تھیں۔ قانطہ کے علاوہ مرینہ اقبال، معصومہ جنید اور سعدیہ یوسف نے ابتدائی وکٹیں گرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر دیپکا راسنگیکا اور ایشانی کوشالیا نے اننگ کو سنبھالا دیا اور ساتویں وکٹ پر 62 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ قانطہ نے مزید دو وکٹیں ٹھکانے لگاتے ہوئے اپنی تین وکٹیں مکمل کیں۔ یوں سری لنکا کی پوری اننگ 153 رنز پر پہنچ کر تمام ہو گئی۔ آن کے علاوہ سعدیہ یوسف نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو وکٹیں معصومہ جنید اور مرینہ اقبال اور ثناء میر کو ایک، ایک وکٹ ملی۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم آب چار قومی ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی جو 23 اپریل سے سری لنکا میں شروع ہو رہا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں میزبان سری لنکا کے علاوہ نیدرلینڈز اور آئرلینڈ کی ٹیمیں بھی شرکت کررہی ہیں۔ سری لنکا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف اسی کی سرزمین پر فتح سے قومی کرکٹ ٹیم کے حوصلے بہت بلند ہوئے ہوں گے۔