مصروفیت ڈھونڈ لی گئی، پاکستان اگست میں سری لنکا سے کھیلے گا
پاکستان نے چھ ماہ کے طویل وقفے کے لیے مصروفیات کی تلاش میں پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے اور اگست کے مہینے میں پاکستان سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے مقابلوں کی سیریز طے پاگئی ہے۔
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے اختتام کے بعد ماہ اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں 'ہوم سیریز' تک پاکستان کا کوئی مقابلہ طے نہيں تھا۔ اسی لیے بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے حالیہ اجلاس میں جانے والے پاکستان کرکٹ بورڈ کے وفد کے مطمع نظر آئندہ چند ماہ کے دوران کوئی مصروفیت ڈھونڈنا بھی تھا۔ بالآخر، معاملات سری لنکا کے ساتھ طے پا گئے گو کہ ابھی حتمی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیالیکن ابتدائی اطلاعات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم جولائی کے آخری ایام میں سری لنکا جائے گی اور اگست میں دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے مقابلے کھیلے گی۔
مون سون کی بارشوں کے پیش نظر سیریز سخت متاثر ہونے کا اندیشہ اپنی جگہ لیکن اتنا عرصہ قومی ٹیم کے فارغ بیٹھے رہنے سے اس سیریز کا طے ہوجانا ہزار درجے بہتر ہے۔ البتہ اس 'نئے مہمان' کی وجہ سے سری لنکا کے لیے کافی تھکا دینے والا سیزن ہوجائے گا جو انگلستان کے دورے کے بعد جنوبی افریقہ کی میزبانی کرے گا اور اس کے ساتھ ہی پاکستان بھی وارد ہوجائے گا۔ پاکستان کے لیے اس دورۂ سری لنکا کے ساتھ مصروف دن شروع ہوجائیں گے کیونکہ اس کے فوراً بعد پاکستان کو متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی میزبانی کرنا ہوگی۔
پاکستان نے آخری بار 2012ء میں سری لنکا کا دورہ کیا تھا جہاں بارش نے فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہوئے میزبان کو ٹیسٹ سیریز جتوا دی تھی۔