پاکستان کا نیا ہیڈ کوچ اور بیٹنگ کوچ مقامی ہوگا: ذرائع

1 1,018

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے لیے کوچنگ عملے کی تقرری کے لیے اشتہار کرلیا ہے، جسے آئندہ چند روز میں شائع کردیا جائے گا۔ اس اشتہار میں ہیڈ کوچ، بیٹنگ کوچ، فیلڈنگ کوچ، فزیو اور ٹرینر کے اہم عہدوں کے لیے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔

Pakistan-cricket-Board-logo

پی سی بی ذرائع کے مطابق اشتہار کی بنیاد پر آنے والی درخواستوں پر صرف فیلڈنگ کوچ، ٹرینر اور فزیو کی تقرریاں عمل میں آئیں گی کیونکہ اس وقت ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے بورڈ عہدیداران کے دو سابق کرکٹرز کے ساتھ مذاکرات چل رہے ہیں اور ان میں سے کسی ایک کے نام پر ہی اتفاق ہوگا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ان عہدوں کے علاوہ چیف سلیکٹر اور سلیکشن کمیٹی کی تقرری بھی عمل میں آئے گی اور یہ تمام کام رواں ماہ کے اواخر یا اگلے ماہ کے اوائل میں مکمل ہوجائے گا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ آئندہ ہیڈ کوچ اور بیٹنگ کوچ پاکستانی ہی ہوں گے البتہ فیلڈنگ کوچ کے لیے کسی غیر ملکی امیدوار پر نظریں ہوں گی۔

پاکستان کے ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور اور فیلڈنگ کوچ جولین فاؤنٹین رواں سال کے اوائل میں اپنے عہدے کی دو سالہ مدت مکمل کرنے کے بعد عہدہ چھوڑ چکے ہیں۔ ان کی جگہ پاکستان نے عارضی طور پر ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے بالترتیب معین خان اور شعیب محمد کو مقرر کیا تھا اور اب ان عہدوں پر باضابطہ تقرری کے لیے اشتہار جاری کیے جانے کا وقت آ چکا ہے۔