کنیریا کے ساتھ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا انتباہ

1 1,036

پاکستان کے نوجوان کھلاڑی کی انجانے میں یا جان بوجھ کی گئی جس حرکت کا انکشاف چند روز قبل کرک نامہ کے انہی صفحات پر ہوا تھا، آج بالآخر پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس پر اپناردعمل ظاہر کردیا ہے جس کا کہنا ہے کہ وہ حال ہی میں امریکہ میں ہونے والے نمائشی مقابلوں میں دانش کنیریا کے ساتھ کھیلنے والے کھلاڑیوں سے بازپرس کرے گا۔

دانش کنیریا فکسنگ کی وجہ سے تاحیات پابندی کا شکار ہیں (تصویر: Cricnama)
دانش کنیریا فکسنگ کی وجہ سے تاحیات پابندی کا شکار ہیں (تصویر: Cricnama)

گزشتہ ہفتے پاکستان کے متعدد نوجوان و تجربہ کار کھلاڑی امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں ایک نمائشی ٹی 20 ٹورنامنٹ میں شریک ہوئے جس میں ان کے ساتھ تاحیات پابندی کے شکار دانش کنیریا نے بھی شرکت کی۔ کاؤنٹی کرکٹ میں اسپاٹ فکسنگ کے الزامات کی وجہ سے دانش پر عائد کی گئی پابندی کا اطلاق عالمی سطح پر ہوتا ہے اور وہ کسی بھی نوعیت کی پیشہ ورانہ کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔ گو کہ یہ پروفیشنل سطح کا ٹورنامنٹ نہیں تھا اور نہ ہی امریکی کرکٹ ایسوسی ایشن نے اس کی منظوری دی تھی، لیکن ایک سزا یافتہ کھلاڑی کے ساتھ چند ایسے نوجوان کرکٹرز کا کھیلنا ، جن کا مستقبل ابھی یقینی نہیں، خاصا تشویشناک امر ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں ہونے والے نمائشی مقابلوں میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں اور چاہے یہ مجاز بورڈ کی منظوری سے ہوئے ہو یا نہ ہوئے ہیں، لیکن اس امر کی ضرور جواب طلبی ہوگی کیونکہ کھلاڑی اپنے بورڈ کی اجازت کے بغیر کھیلے ہیں۔

ہیوسٹن میں ہونے والے چند روزہ ٹورنامنٹ میں دانش کنیریا اور عبد الرزاق کے علاوہ نوجوان وہاب ریاض، ناصر جمشید، فواد عالم اور شاہزیب حسن نے بھی شرکت کی تھی۔