پی سی بی کے 6 ملازمین کی برطرفی کا حکم معطل، نجم سیٹھی سے جواب طلب

عدالت کچہری کے چکر کاٹنے کے بعد نجم سیٹھی بمشکل پاکستان کرکٹ بورڈ کے سنگھاسن پر مضبوط ہوئے ہیں کہ عدالت عالیہ ایک مرتبہ پھر آڑے آ گئی ہے جس نے نکالے گئے 6 ملازمین کی برطرفی کا حکم معطل کردیا ہے۔

اسلام آباد کی عدالت عالیہ (ہائی کورٹ) نے سوموار کو اس حکم نامے کے ساتھ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 دنوں میں جواب طلب کرلیا ہے۔
جسٹس نور الحق قریشی نے برطرف شدہ ملازمین کی جانب سے دائر کردہ درخواست کی سماعت کی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ بغیر کوئی وجہ بتائے ملازمتوں سے نکالا گیا ہے۔ عدالت نے سماعت کے بعد اپنے حکم میں چھ ملازمین کو بحال کیا اور ساتھ ہی چیئرمین نجم سیٹھی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 دنوں میں جواب طلب کیا ہے۔
یاد رہے کہ نجم سیٹھی نے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد 50 ملازمین کو برطرف کیا تھا۔