سری لنکا کے کوچ پال فاربریس نے استعفیٰ دے دیا

0 1,027

ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتنے کا نشہ اترتے ہی سری لنکا اب حقائق کا سامنا کررہا ہے اور پہلا دھچکا ان دونوں فتوحات کے کلیدی کردار کوچ پال فاربریس کا استعفیٰ ہے جو آج دو سالہ معاہدے کے محض چوتھے مہینے میں عہدہ چھوڑ گئے ہیں۔

پال فاربریس کا معاہدہ دو سال کا تھا لیکن وہ صرف تین ماہ خدمات انجام دینے کے بعد آبائی وطن سدھار گئے (تصویر: AP)
پال فاربریس کا معاہدہ دو سال کا تھا لیکن وہ صرف تین ماہ خدمات انجام دینے کے بعد آبائی وطن سدھار گئے (تصویر: AP)

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ پال فاربریس نئے کوچ پیٹر مورس کے نائب کی حیثیت سے انگلش ٹیم کے ساتھ کام کریں گے جس پر سری لنکا کرکٹ کے عہدیداران خاصے برافروختہ ہوئے تھے کیونکہ ابھی پال کے دو سالہ معاہدے کو صرف تین ماہ سے کچھ زیادہ ہی کا عرصہ گزرا تھا۔ معاملات واضح کرنے کے لیے گزشتہ روز پال فاربریس کولمبو آئے اور اہلکاروں سے ملاقات کی اور آج جبکہ ان کی مزید ملاقاتیں طے تھی، اس کے بجائے ان کا استعفیٰ سری لنکا کرکٹ کے دفتر پہنچا۔

ماتھے پر شکن کے ساتھ سری لنکا کرکٹ کے سیکرٹری نشانتھا راناتنگا نے کہا کہ ای سی بی نے پال فاربریس کو پرکشش تنخواہ پر طلب کیا ہے اور ہمارے لیے انہیں اتنی تنخواہ دینا بالکل ممکن نہیں۔ انہیں اپنے آبائی وطن میں اور بہتر تنخواہ پر کام کرنا زیادہ مناسب لگا اور یہی وجہ ہے کہ وہ وقت پورا ہونے سے کہیں پہلے سری لنکا چھوڑ گئے۔

دوسری جانب پال فاربریس کا کہنا ہے کہ انہوں نے انگلستان کے نائب کوچ کے عہدے کے لیے درخواست نہیں دی تھی بلکہ ای سی بی نے خود گزشتہ ہفتے ان سے رابطہ کیا تھا ۔

اب جبکہ سری لنکا کو دورۂ انگلستان کے لیے جانا ہے اور اس کے بعد جنوبی افریقہ اور پاکستان جیسے سخت حریفوں کے لیے گھریلو میدانوں پر کھیلنا ہے، بورڈ کو جلد از جلد ایک ہیڈ کوچ کا تقرر کرنا ہوگا جو 2011ء سے اب تک ٹیم کا ساتواں ہیڈ کوچ ہوگا۔

پال فاربریس کی زیر تربیت سری لنکا کی کارکردگی شاندار رہی اور صرف تین ماہ کے عرصے میں کھیلے گئے 18 مقابلوں میں صرف ایک میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔