میکس، میکس، میکس ویل!!!
بھارت کے تماشائی ٹھیک 16 سال قبل شارجہ کے میدان پر آسٹریلیا کے خلاف کھیلی گئی سچن تنڈولکر کو کرکٹ تاریخ کی بہترین سنچریوں میں سے ایک گردانتے ہیں۔ یہ الگ بات کہ تہرے ہندسے کی یہ اننگز بھی شکست کا حصہ بنی لیکن اس کے باوجود اس باری کو صحرائی طوفان کے نام سے یاد کیا جاتا ہے جس میں سچن کا شین وارن کو رسید کیا گیا چھکا کئی ذہنوں میں آج بھی تازہ ہے۔ لیکن اب انڈین پریمیئر لیگ میں آسٹریلیا کے گلین میکس ویل جو پیش کررہے ہیں، ایسا لگتا ہے وہ شارجہ کے شائقین کرکٹ کو سچن کی یاد بھی بھلا دے گا۔
'میکس' نے چنئی سپر کنگز جیسے مضبوط حریف کے خلاف 206 رنز کے ہمالیہ کے تعاقب میں 43 گیندوں پر 95 رنز کی طوفانی اننگز سے جس سلسلے کاآغاز کیا، وہ ابھی تک نہیں تھما۔ راجستھان کے خلاف 192 رنز کے پیچھے 45 گیندوں پر 89 رنز جوڑنے والے میکس ویل نے سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف بھی 43 ہی گیندوں پر 95 ہی رنز کی ایک اور دھواں دار باری کھیل ڈالی اور یوں کنگز الیون پنجاب کو مسلسل تیسری فتح سے ہمکنار کیا۔ گو کہ اس مرتبہ قسمت ان کے ساتھ رہی کیونکہ محض 11 رنز کے انفرادی اسکور پر ہم وطن ڈیوڈ وارنر نے ان کا آسان کیچ چھوڑ دیا تھا لیکن قسمت بھی بہادروں کا ہی ساتھ دیتی ہے۔ 25 گیندوں پر 62 رنز بنانے کے بعد جب وہ باؤنڈری لائن پر دھر لیے گئے تو بعد ازاں ڈیرن سیمی کی گیند نو بال قرار پائی۔ یوں دوسری زندگی پاکر واپس آئے اور پھر رنز کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے لگے۔
کنگز الیون پنجاب 2008ء میں آئی پی ایل کے اولین ایڈیشن میں سیمی فائنل تک پہنچی تھی اور اس کے بعد کھیلے گئے اگلے پانچ سیزنز میں کبھی گروپ مرحلے سے آگے نہیں بڑھ پائی۔ لیکن گزشتہ سال ریکارڈ ایک ملین ڈالرز میں ممبئی انڈینز کی جانب سے خریدے گئے کھلاڑی کو رواں سال کنگز الیون پنجاب میں آمد بہت راس آئی ہے۔ ان تینوں مقابلوں میں مرد میدان قرار پانے والے آئی پی ایل میں میکس ویل اب تک 93 رنز کے اوسط اور 212 کے اسٹرائیک ریٹ سے 279 رنز بنا چکے ہیں جس میں 17 چھکے اور 28 چوکے شامل ہیں۔ یعنی کوئی مقابل نہیں دور تک، بلکہ بہت دور تک!
چنئی، راجستھان اور حیدرآباد کو شکست دینے کے بعد اب کنگز الیون اپنے اگلے دو مقابلے کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف کھیلے گا جس کے بعد آئی پی ایل بھارت منتقل ہوجائے گی۔ گو کہ وہ زیادہ طویل اور اہم مرحلہ ہوگا اور ٹیموں کی آگے کی جانب پیشرفت کا زیادہ انحصار بھارت میں کھیلے گئے میچز پر ہی ہوگا لیکن جس طرح میکس ویل فارم میں دکھائی دے رہے ہیں، اگر اس کا سلسلہ برقرار رہا تو شاید پنجاب اس مرتبہ ناممکن کو ممکن کر دکھائے۔ دیکھتے ہیں، میکس ویل کی زنبیل سے مزید کیا نکلتا ہے۔
تب تک آپ سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف کھیلی گئی اننگز کا لطف اٹھائیں۔