شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی تعارفی تقریب

0 1,080

پاکستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کی رفاہی انجمن 'شاہد آفریدی فاؤنڈیشن' کی تعارفی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی جس میں شاہد کے علاوہ وقار ٹیکنالوجیز اور فورٹال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وقار شاہ اور کراچی کے نامور بلاگرز اور سوشل میڈیا کارکنوں نے شرکت کی۔ تقریب کا اہتمام فورٹال کی جانب سے کیا گیا تھا۔

شاہد آفریدی اپنی رفاحی تنظیم و اسپتال کا تعارف پیش کر رہے ہیں (تصویر: کرک نامہ)
شاہد آفریدی اپنی رفاحی تنظیم و اسپتال کا تعارف پیش کر رہے ہیں (تصویر: کرک نامہ)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے اپنی رفاہی انجمن کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ میرا ہدف بالخصوص پسماندہ علاقوں میں فلاحی کام کرنا ہے، جہاں زندگی کی بنیادی سہولیات میسر نہیں۔ اس سلسلے میں شاہد خان نے ابتدائی قدم اپنے آبائی علاقے کوہاٹ میں ایک ہسپتال کے قیام کے ساتھ اٹھایا ہے جو ان کے والد محترم صاحبزادہ فضل الرحمٰن سے موسوم ہے۔ حاضرین کے لیے اس منصوبے کی وڈیو بھی نشر کی گئی جس میں مقامی افراد کے خوشگوار تاثرات بھی پیش کیے گئے۔

ایک سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے بتایا کہ وہ کراچی اور لاہور سمیت دیگر شہروں میں کم آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے فلاحی کام کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سمیت متعدد سرکاری عہدیداران سے باضابطہ ملاقات کر کے ان سے تعاون طلب کیا ہے۔ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کا باضابطہ آغاز جلد ہی صاحبزادہ فضل الرحمٰن میموریل اینڈ چیریٹی ہسپتال کے افتتاح کے ساتھ ہوگا۔

وقار ٹیکنالوجیز کے سی ای او وقار شاہ نے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ www.shahidafridifoundation.org کے ذریعے ڈونیشن کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے دیگر افراد سے زیادہ سے زیادہ تعاون کی اپیل کی۔ بعد ازاں اس موقع پر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء کے دوران فورٹال کے متعارف کردہ مقابلے کے فاتحین کو شاہد آفریدی کے دستخط شدہ بلّے اور گیندیں انعام کے طور پر دی گئیں۔ کراچی کے علاوہ جیتنے والوں میں سرگودھا، ملتان اور ملک کے دیگر حصوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔