ٹیلنٹ ہنٹ انڈر 16 کراچی ریجن کے ٹرائلز ختم

0 1,069

پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام نو عمر و باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش کے لیے کراچی ریجن کے سہ روزہ ٹیلنٹ ہنٹ انڈر 16 ٹرائلز اختتام پذیر ہوگئے۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے سہ روزہ اوپن ٹرائلز میں مجموعی طور پر 4 ہزار 300 کھلاڑیوں نے حصہ لیا جن میں سے 61 کو منتخب کرلیا گیا ہے اور 30 سے 35 کھلاڑیوں کی حتمی فہرست کل جاری ہوگی۔

ٹرائلز کی تکمیل کے بعد اب 30 سے 35 کھلاڑیوں کا انتخاب ہوگا جن کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم میں ٹرائل مقابلے ہوں گے (تصویر: AFP)
ٹرائلز کی تکمیل کے بعد اب 30 سے 35 کھلاڑیوں کا انتخاب ہوگا جن کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم میں ٹرائل مقابلے ہوں گے (تصویر: AFP)

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور پی سی بی کے زون ون کے ڈائریکٹر باسط علی اور کراچی ریجن کے ہیڈ کوچ اعظم خان نے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔

کل جاری ہونے والی حتمی فہرست کے کھلاڑیوں کے درمیان ٹرائل مقابلے کروائے جائیں گے۔ تین ٹرائل مقابلے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوں گے جس کے بعد کراچی ریجن کی 20 رکنی ٹیم منتخب ہوگی جو 10 مئی سے شروع ہونے والے قومی انڈر16 انٹر ریجن ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔

سہ روز ٹرائلز کے پہلے دن کراچی کے علاقوں ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، نارتھ کراچی، نیو کراچی، بفر زون، اورنگی ٹاؤن، قصبہ کالونی، بلدیہ ٹاؤن، سائٹ ایریا، کیماڑی، سرجانی ٹاؤن، پاک کالونی، گولیمار، شیر شاہ، منگھوپیر، سہراب گوٹھ، سر سید ٹاؤن، اجمیر نگری اور میٹروول کے، دوسرے روز جمشید روڈ، گارڈن، بہادرآباد، طارق روڈ، نرسری، اختر کالونی، کالا پل، برنس روڈ، صدر، ڈیفنس، کلفٹن، شہید ملت روڈ، پی ای سی ایچ ایس، محمود آباد، جہانگیر روڈ، سلطان آباد، پی آئی بی کالونی، حاجی کیمپ، لائنز ایریا، پاکستان کوارٹرز اور سولجر بازار اور آخری روز لانڈھی، کورنگی، ملیر، اسٹیل ٹاؤن، بن قاسم، شاہ فیصل، کے ڈی اے سوسائٹی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، ماڈل کالونی، ایئرپورٹ، ملیر کینٹ، کھوکھراپار اور پہلوان گوٹھ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کے ٹرائلز لیے گئے۔