کراچی انڈر16 حتمی کھلاڑی، معین خان کے صاحبزادے بھی شامل

4 1,041

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اور سابق کپتان و وکٹ کیپر معین خان کے صاحبزادے اعظم خان انڈر16 ٹرائلز سے منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

معین خان کے صاحبزادے کی بیٹنگ اور جسامت دیکھ کر انضمام الحق کی یاد آتی ہے (تصویر: Cricnama)
معین خان کے صاحبزادے کی بیٹنگ اور جسامت دیکھ کر انضمام الحق کی یاد آتی ہے (تصویر: Cricnama)

پی سی بی کے زیر اہتمام کراچی ریجن کے انڈر16 ٹرائلز گزشتہ روز اختتام پذیر ہوئے تھے اور آج 35 حتمی کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا جس میں معین خان کے بیٹے بھی شامل ہیں۔ بھاری بھرکم جسامت کے حامل اور بلے بازی میں انضمام الحق کی جھلک دکھانے والے اعظم خان ان 4 ہزار 300 کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہوں نے ٹرائلز کے دوران اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

کھلاڑیوں کا انتخاب پی سی بی زون ون کے ڈائریکٹر اور آج ہی جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ مقرر ہونے والے باسط علی نے کیا جن کا کہنا ہے کہ انتخاب میرٹ کی بنیاد پر ہوا ہے۔

اب ان 35 کھلاڑیوں کے درمیان تین ٹرائل مقابلے آئندہ چند روز میں نیشنل اسٹیڈیم، کراچی میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد کراچی ریجن کی 20 رکنی ٹیم منتخب ہوگی جو 10 مئی سے قومی انڈر 16 انٹر ریجن ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔

منتخب ہونے والے تمام کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں:

ایس ایم تہامی، اعظم خان، اشعر قریشی، عمران شاہ، مصطفیٰ منصور، رام روی، حماد عالم، اسامہ بٹ، اسد علی، شاہزیب جمیل، زریاب خان، فاروق علی، حمزہ قادر، ولید خان، احمد کبیر، علی وسیم، عبد الرحمٰن، حماد مغل، اشرف خان، سعد زاہد، وقار احمد، عریش قائم خانی، حسن خان، اسرار احمد، احمد فاروق، عبد الرحمٰن، ہدایت اللہ حمزہ، محمد عمر، محمد طٰحہ، انس حماد، اسد طیب، شعیب خالد، اظہر علی، حفیظ الرحمٰن اور فیضان شاہ۔