کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن انتخابات: اعجاز فاروقی نے میدان مارلیا

1 1,081

کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن (کے سی سی اے) کے آج ہونے والے انتخابات میں سابق سیکریٹری اعجاز فاروقی صدر منتخب ہوگئے جبکہ سیکریٹری کے عہدے پر شفیق کاظمی 17 ووٹ اور خازن کے لیے مشیر رزاق ربانی 15 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے۔

کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر پروفیسر اعجاز فاروقی (فائل فوٹو)
کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر پروفیسر اعجاز فاروقی (فائل فوٹو)

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے انتخابات میں پروفیسر اعجاز فاروقی کے پینل نے کے سی سی اے کے نائب صدر ندیم عمر کے پینل کو واضح فرق سے شکست دے دی۔ انتخابات کے دوران 7 زونز کے 21 عہدیداروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

صدارتی عہدے کے سب سے مضبوط امیدوار پروفیسر اعجاز فاروقی تھے جنہیں الیکشن سے پہلے 17 ووٹ حاصل ہونے کی توقع تھی تاہم رائے شماری میں ان کے ووٹوں کی تعداد 15 رہی جبکہ ان کے مدمقابل ندیم عمر کو 6 ووٹ ملے۔

آئندہ تین سالوں کے لیے کے سی سی اے کے نومنتخب صدر پروفیسر اعجاز فاروقی نے کامیابی کے بعد کراچی کرکٹرز کے ساتھ زیادتیوں کے خاتمے اور سلیکشن میں ہونے والی من مانیوں کو ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کے سی سی اے میں مزید اصلاحات لائیں گے اور اس سلسلے کا آغاز ایسوسی ایشن کے ہیڈ آفس کو چھ ماہ کے دوران اپ ڈیٹ کر کے کیا جائے گا۔ انہوں نے کرکٹ کے میدانوں میں کھلاڑیوں کو مزید سہولیات فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا۔

ہارنے والے صدارتی امیدوار ندیم عمر نے انتخابات کو شفاف اور آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے اس عمل میں ہم اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انتخابات پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف الیکشن کمشنر احمد شہزاد فاروق رانا کی نگرانی میں ہوئے۔