عالمی کپ 2011ء: زمبابوے کے حتمی اسکواڈ کا اعلان

0 1,039

زمبابوے نے اگلے ماہ شروع ہونے والے عالمی کپ 2011ء کے لیے اپنے 15 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ ایلٹن چگمبورا کی قیادت میں عالمی کپ کھیلنے والے زمبابوین اسکواڈ میں چھ بلے باز، تین سیمرز اور تین اسپنر شامل ہیں جبکہ بلے بازوں میں سے دو جز وقتی اسپن بالنگ بھی کر سکتے ہیں۔

اعلان کردہ اسکواڈ کی خاص بات سین اروائن کی ٹیم میں واپسی ہے۔ جو سات سال بعد زمبابوے کی قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ ہملٹن ماساکازا کو گزشتہ سال کی بہترین کارکردگی کے باوجود عالمی کپ کے لیے منتخب نہیں کیا گیا جس سے زمبابوے کا اوپننگ کا شعبہ کمزور ہوگا۔

ماضی کے عظیم بلے باز برائن لارا جنہوں نے بیٹنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے زمبابوے کی قومی ٹیم کے ساتھ معاہدہ کیا ہے یکم فروری سے دبئی اور بھارت میں اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔ زمبابوے کی ٹیم دبئی اور بھارت دونوں جگہ ایک ایک وارم اپ میچ کھیلے گی۔

اعلان کردہ اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: ایلٹن چگمبورا (کپتان)، ریجس چاکابوا، چارلس کوونٹری، گریم کریمر، کریگ اروائن، سین اروائن، گریگری لیمب، شنگیرائی ماساکازا، کرسٹوفر ایم پوفو، ریمنڈ پرائس، ایڈورڈ رینس فورڈ، ٹٹنڈا ٹائبو، برینڈن ٹیلر، پروسپر اوتسیا اور سین ولیمز۔

پانچ ایسے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان بھی کیا گیا ہے جو عالمی کپ کے لیے سفر کرنے والے اسکواڈ کا تو حصہ نہیں ہوں گے تاہم انہیں متبادل کے طور پر رکھا گیا ہے۔ ان کھلاڑیوں میں ٹیرنس ڈفن، ٹینوٹینڈا ماوویو، این جابولو این کوبے، تیناشے پنیاگرا اور ووسی موزی سیبانڈا شامل ہیں۔