ماضی کی غلطیوں سے بہت سیکھا،سب کو ساتھ لے کر چلوں گا: وقار یونس

0 1,047

پاکستان کے نومنتخب شدہ ہیڈ کوچ وقار یونس سمجھتے ہیں کہ قومی ٹیم میں کئی فتح گر کھلاڑی ہیں، اور اگر ان کی تربیت درست خطوط پر کی جائے تو وہ دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

موجودہ ٹیم کے کسی کھلاڑی سے کوئی شکایت نہیں: وقار یونس (تصویر: AFP)
موجودہ ٹیم کے کسی کھلاڑی سے کوئی شکایت نہیں: وقار یونس (تصویر: AFP)

بھارت سے ایک ٹیلی فونک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر میرا ہدف ورلڈ کپ ہی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ سے پہلے سری لنکا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز بہت مددگار ثابت ہوں گی۔

وقار یونس عالمی کپ 2011ء میں بھی پاکستان کے کوچ کے عہدے پر فائز تھے جب پاکستان سیمی فائنل میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست کھا کر باہر ہوا تھا۔

ہیڈ کوچ کی تقرری پر انگلیاں اٹھانے والوں کے جواب میں وقار یونس نے کہا کہ تنقید کرنے والے پہلے انتخاب کا طریقہ دیکھیں، بلاجواز تنقید کا کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

ماضی میں چند کھلاڑیوں کے ساتھ کھنچاؤ پر گفتگو کرتے ہوئے وقار نے کہا کہ موجودہ پاکستانی کھلاڑیوں میں سے مجھے کسی سے کوئی شکایت نہیں ہے۔ ماضی میں کی گئی غلطیوں سے کافی سیکھ چکا ہوں اور آئندہ ٹیم کو بہتر انداز میں لے کر چلوں گا۔

ہیڈ کوچ کی تقرری کے بعد عملے کے دیگر اراکین کے بارے میں وقار یونس نے کہا کہ سپورٹنگ اسٹاف میں ملکی و غیر ملکی کوچز کا ہونا بہت فائدہ مند ہوگا اور اس حوالے سے اپنی آراء اور مشورے بورڈ کو دے دیے ہیں اور امید کرتا ہوں کہ میرے مشوروں پر غور کیا جائے گا۔