[ویڈیوز] میکس ویل کی ایک اور طوفانی اننگز؛ صرف 38 گیندیں اور 90 رنز
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء میں آسٹریلیا کی مہم اپنے مایوس کن اختتام کو تو پہنچی، لیکن ایک روشن پہلو گلین میکس ویل کی کارکردگی کی صورت میں موجود تھا۔ انڈین پریمیئر لیگ سے محض چند روز پہلے میکس ویل کے یوں فارم میں آنے سے گویا کنگز الیون پنجاب کی تو لاٹری کھل گئی۔ ایک کے بعد ایک طوفانی اننگز نے پنجاب کو کئی شاندار فتوحات سے نوازا یہاں تک کہ پنجاب ہاٹ فیورٹ چنئی سپر کنگز کو بھی دونوں مقابلوں میں چت کیا۔
باربتی اسٹیڈیم، کٹک میں میکس ویل نے اپنی جارحانہ بلے بازی کے جوہر ایک مرتبہ پھر دکھائے اور صرف 38 گیندوں پر 90 رنز بنا ڈالے۔ میکس ویل نے 8 شاندار چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے یہ اننگز تراشی، گو کہ ایک مرتبہ پھر وہ سنچری تک نہیں پہنچ پائے لیکن پنجاب کو بالادست پوزیشن پر ضرور پہنچا دیا۔ انہوں نے سب سے زیادہ بھارتی اسپنر روی چندر آشون کو "دھویا" اور ان کی 9 گیندوں میں سے 4 کو چھکے اور 2 کو چوکے لیے باؤنڈری سے باہر پہنچایا۔
یوں آئی پی ایل7 میں میکس ویل کے سینے پر ایک اور شاندار فتح کا تمغہ سجا۔ اسی چنئی کے خلاف ابتدائی مقابلے میں 95، پھر راجھستان رائلز کے خلاف 89 اور حیدرآباد کے مقابلے 95 رنز کی اننگز سے دھماکہ دار آغاز کرنے والے گلین میکس ویل کو ایک اور دھواں دار باری نے آئی پی ایل کے ایک ریکارڈ کو توڑنے کے قریب پہنچا دیا ہے۔ اب تک 7 مقابلوں میں میکس ویل نے 435 رنز بنائے ہیں ارو ان کا اسٹرائیک ریٹ 203.27 ہے۔ اگر پنجاب کی پیشرفت جاری رہی تو فائنل سے قبل انہیں مزید پانچ مقابلے کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے یعنی کرس گیل اور مائیکل ہسی کا ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 733 رنز بنانے کا ریکارڈ ان کی دسترس میں ہے۔
میکس ویل جاری آئی پی ایل میں 27 چھکوں کے ساتھ سب سے زیادہ چھکے لگانے والوں میں سرفہرست ہیں اور اگر اسی رفتار و تکرار کے ساتھ گیند کو چھکے کی راہ دکھاتے رہے تو 2012ء میں کرس گیل کا بنایا گیا 59 چھکوں کا ریکارڈ بھی خطرے کی زد میں ہوگا۔