مشتاق احمد پاکستان کے اسپن باؤلنگ کوچ مقرر

2 1,043

سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا اسپن باؤلنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے سہ رکنی کوچ تلاش کمیٹی، ہیڈ کوچ وقار یونس اور مشیر خاص ظہیر عباس کی تجویز پر کیا ہے۔

مشتاق احمد 2008ء سے انگلستان کے اسپن کوچ تھے (تصویر: Getty Images)
مشتاق احمد 2008ء سے انگلستان کے اسپن کوچ تھے (تصویر: Getty Images)

6 سالوں تک انگلستان کے اسپن کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے مشتاق احمد آئندہ دو سال تک اسپن باؤلنگ مشیر کی حیثیت سے اپنے آبائی وطن کی نمائندگی کریں گے۔ ایشیز اور پھر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء میں شرمناک کارکردگی کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے نئی انتظامیہ تشکیل دی جس میں مشتاق احمد کو شامل نہیں کیا گیا، جو پہلے ہی پاکستان کی جانب سے تخلیق کردہ نئی آسامی کے لیے خواہش ظاہر کر چکے تھے۔

پاکستان نے حال ہی میں ہیڈ کوچ سے لے کر فزیو تک تمام تربیتی و انتظامی عہدوں پر تقرریاں کی ہیں اور وقار یونس کی ایک مرتبہ پھر ہیڈ کوچ کے عہدے پر تعیناتی کے بعد اب آہستہ آہستہ دیگر عہدوں پر بھی تقرریوں کے اعلانات ہو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں آج مشتاق احمد کو اسپن باؤلنگ مشیر بنانے کا فیصلہ ہوا جس کے لیے نجم سیٹھی نے معین خان، انتخاب عالم اور ہارون رشید پر مشتمل سہ رکنی کمیٹی کے علاوہ ہیڈ کوچ وقار یونس اور اپنے مشیر ظہیر عباس نے بھی مشاورت کی۔

اس عہدے کے حصول کے لیے مشتاق احمد کو اپنے ہم عصر آف اسپنر ثقلین مشتاق کا سامنا تھا تاہم بورڈ نے کوچنگ کے وسیع تجربے کی بنیاد پر مشتاق احمد کو ترجیح دی۔

مشتاق احمد کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائز دہلی ڈیئرڈیولز نے انہیں کوچنگ عملے میں شمولیت کی پیشکش کی تھی لیکن انہوں نے اسے قبول کرنے سے انکار کیا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق دہلی کے کوچ گیری کرسٹن نے مشتاق سے دریافت کیا تھا کہ آیا وہ جاری آئی پی ایل میں مشکلات سے گھری دہلی کی ٹیم کے لیے اپنی خدمات پیش کرسکتے ہیں؟ جس پر مشتاق نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے لیے کام کرنے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔

ایک جانب جہاں پاکستان نے مشتاق احمد کی تقرری کا اعلان کیا وہیں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے مشتاق کی جگہ ڈیوڈ سیکر کو نیا اسپن کوچ بنایا ہے جو نئے ہیڈ کوچ پیٹر مورس کے ماتحت کام کریں گے۔

اپنے وقت کے بہترین لیگ اسپنرز میں شمار ہونے والے مشتاق احمد نے 185 ٹیسٹ اور 161 ون ڈے وکٹیں حاصل کیں اور عالمی کپ 1992ء میں چیمپئن بننے والے پاکستانی دستے کا بھی حصہ تھے۔