ویراٹ کوہلی: آن فیلڈ ناکام لیکن آن لائن مقبول
انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں ویراٹ کوہلی اب تک اپنی روایتی جارحانہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں تاہم ان کی اس آن فیلڈ ناکامی کے برعکس آن لائن مقبولیت میں بہت تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
آئی پی ایل 7 میں اب تک کھیلے گئے 9 مقابلوں میں صرف 18 کے اوسط سے 144 رنز جوڑ پانے والے کوہلی بجھے بجھے دکھائی دیتے ہیں لیکن سوشل میڈیا پر ان کے پرستاروں کی تعداد دن دونی، رات سوائی ترقی کررہی ہے۔ رائل چیلنجرز بنگلور کے اس کپتان کے آفیشل فیس بک صفحے پر پرستاروں کی تعداد 11 ملین سے زیادہ ہوچکی ہے اور ٹوئٹر پر ان کے فالوورز کی تعداد 3.1 ملین کا سنگ میل عبور کرچکی ہے۔
فیس بک اور ٹوئٹر پر تیزی سے بڑھتی ہوئی اس مقبولیت کے باعث اشتہارات کی صنعت کے بین الاقوامی ادارے اوگلوی نے ویراٹ کوہلی کو سوشل میڈیا کا سب سے مشہور کرکٹر قرار دیا ہے۔
حالیہ سیزن میں روایتی ذرائع کے ساتھ سوشل میڈیا پر بھی انڈین پریمیئر لیگ کے لیے بڑے پیمانے پر مہم چلائی جا رہی ہے اور کھیل کے میدانوں کی طرح سماجی ذرائع ابلاغ کے میدان پر بھی تمام ٹیمیں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، اس ذہن کے ساتھ کہ میدان سے باہر کی سرگرمیوں کا ٹیموں اور ان کے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر بھی اثر پڑے گا۔
اگر آئی پی ایل کی ٹیموں کی فیس بک پر مقبولیت دیکھی جائے تو یہاں 7.1 ملین پرستاروں ک ےساتھ کولکتہ نائٹ رائیڈرز سب سے آگے ہے جس کی سب سے بڑی غالباً یہ ہے کہ مشہور فلم اسٹار شاہ رخ خان اس فرنچائز کے مالک ہیں۔ ٹوئٹر پر نظر دوڑائیں تو یہاں چنئی سپر 6 لاکھ 65 ہزار فالوورز کے ساتھ سب حریف ٹیموں سے آگے ہے۔ دیگر ٹیموں کی تفصیلات ذیل میں موجود ہیں (بلحاظ حروف تہجی ):
ٹیم | فیس بک فینز | ٹویٹر فالوورز |
---|---|---|
چنئی سپر کنگز | 6.7 ملین | 665 ہزار |
دہلی ڈیئرڈیولز | 1.8 ملین | 252 ہزار |
راجستھان رائلز | 1.8 ملین | 285 ہزار |
رائل چیلنجرز بنگلور | 4.3 ملین | 465 ہزار |
سن رائزرز حیدرآباد | 2 ملین | 240 ہزار |
کنگز الیون پنجاب | 3 ملین | 246 ہزار |
کولکتہ نائٹ رائیڈرز | 7.1 ملین | 445 ہزار |
ممبئی انڈینز | 6.7 ملین | 528 ہزار |
(یہ اعداد و شمار 13 مئی 2014ء تک کے ہیں) |