گرانٹ فلاور پاکستان کے بیٹنگ کوچ مقرر

1 1,086

ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے بعد پاکستان نئے عزم و حوصلے کے ساتھ مستقبل میں آگے بڑھنے کی تمنا رکھتا ہے اور اس مقصد کے لیے ٹیم کے تربیتی عملے میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ مذکورہ دونوں اہم ٹورنامنٹس میں کوچنگ کے فرائض انجام دینے والے تمام افراد کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد اب ایک، ایک کرکے ان جگہوں پر نئی تقرریاں ہو رہی ہیں اور جس عمل کا آغاز وقار یونس کی بحیثیت ہیڈ کوچ تقرری سے ہوا تھا، اب بیٹنگ کوچ کے طور پر گرانٹ فلاور کی تعیناتی کے ساتھ اگلے مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔

گرانٹ فلاور یکم اگست کو ذمہ داریاں سنبھالیں گے  (تصویر: Essex)
گرانٹ فلاور یکم اگست کو ذمہ داریاں سنبھالیں گے (تصویر: Essex)

زمبابوے سے تعلق رکھنے والے گرانٹ فلاور 2010ء سے اپنے آبائی وطن کی قومی ٹیم سے وابستہ ہیں اور ان کے موجودہ معاہدے کی میعاد رواں سال اگست میں مکمل ہوگی اور اس کے ساتھ ہی وہ پاکستان پہنچ جائیں گے، جوان دنوں دورۂ سری لنکا پر ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق گرانٹ فلاور کی تقرری معین خان، انتخاب عالم اور ہارون رشید پر مشتمل سہ رکنی کمیٹی کی سفارش پر عمل میں آئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کے خصوصی مشیر ظہیر عباس اور ہیڈ کوچ وقار یونس نے بھی کمیٹی کی سفارشات کی تائید کی۔

گرانٹ فلاور زمبابوے کی جانب سے 67 ٹیسٹ اور 221 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے کھیلنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور اب اگلے دو سال تک پاکستان کے بلے بازوں کی بھی تربیت کریں گے۔

پاکستان نے ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ایشیائی بریڈمین ظہیر عباس کو ٹیم کا بیٹنگ مشیر بنایا تھا لیکن شکستوں نے ان سمیت تمام ہی تربیتی عملے کو واپسی کی راہ پکڑا دی اور پھر ہیڈ کوچ، بیٹنگ کوچ، اسپن باؤلنگ مشیر، فزیو اور دیگر عہدوں کے لیے درخواستیں طلب کی تھیں، جن میں سے ابتدائی تینوں عہدوں پر تقرریاں عمل میں آ چکی ہیں۔