پولارڈ سے بات کرنے کا وقت نہیں، اسٹارک کا غصہ برقرار

0 1,028

ہر گزرتے دن کے ساتھ نیا ہنگامہ برپا کرتا ہوا انڈین پریمیئر لیگ کا ساتواں ایڈیشن اب حتمی مرحلے میں داخل ہوا چاہتا ہے۔ آرام کے ان چند دنوں میں ٹیموں اور کھلاڑیوں کو اپنی خامیوں اور کوتاہیوں پر نظرثانی کرنے اور آنے والے دنوں کے لیے نئی حکمت عملی مرتب دینے کا موقع مل رہا ہے لیکن رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے کھیلنے والے نوجوان تیز باؤلر مچل اسٹارک کا غصہ شاید ابھی تک ٹھنڈا نہیں ہوا۔

اسٹارک اور پولارڈ کے جھگڑے کا واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ کرکٹ اب شرفاء کا کھیل نہیں رہا (تصویر: BCCI)
اسٹارک اور پولارڈ کے جھگڑے کا واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ کرکٹ اب شرفاء کا کھیل نہیں رہا (تصویر: BCCI)

ممبئی انڈینز کے خلاف مقابلے میں کیرون پولارڈ کے ساتھ ہونے والی گرما گرمی اب بھی اسٹارک کے اعصاب پر سوار ہے اور وہ کہتے ہیں کہ یہ پہلی بار نہیں ہوا، پولارڈ ماضی میں بھی ایسا کرچکے ہیں۔ اس واقعے کے بعد نہ پولارڈ سے بات کی ہے اور نہ ہی میرے پاس اس کا وقت ہے۔ آسٹریلوی باؤلر کا کہنا ہے کہ فی الحال وہ اس موضوع پر قابل گفتگو بھی نہیں سمجھتے۔

حال ہی میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوران آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں میں زبردست تناؤ پیدا ہوا تھا جب آل راؤنڈر جیمز فاکنر کے بیان کا ویسٹ انڈیز نے بہت جارحانہ ردعمل دکھایا تھا اور ایسا لگتا ہے کہ وہ معاملہ ابھی تک کھلاڑیوں کے ذہن سے محو نہیں ہوا۔

مچل اسٹارک، جو پہلی بار آئی پی ایل کھیل رہے ہیں، اب تک 10 مقابلوں میں 13 وکٹیں حاصل کرکے بنگلور کے سب سے نمایاں باؤلر ہیں۔ حالیہ آئی پی ایل میں ممبئی کے خلاف مقابلے میں پولارڈ کے ساتھ ہونے والی گرما گرمی نے ماحول کو اتنا خراب کردیا تھا کہ بعد ازاں دونوں پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔