پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ ہونی چاہیے: شاہد آفریدی

1 1,083

شاہد آفریدی نے ایک بار پھر پاکستان ٹیم کی قیادت کرنے کی دلی خواہش کا اظہار کیا ہے اور ساتھ ہی پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ مقابلوں اور کیمپ میں جاری سرگرمیوں کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

کپتانی پھولوں کی سیج نہیں: شاہد آفریدی (تصویر: AP)
کپتانی پھولوں کی سیج نہیں: شاہد آفریدی (تصویر: AP)

قذافی اسٹیڈیم، لاہور میں قومی کرکٹرز کے تربیتی کیمپ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آل راؤنڈر نے کہا کہ پاکستان ٹیم کی قیادت کرنا ہمیشہ سے ہی ان کی دلی خواہش رہی ہے تاہم وہ یہ بات بھی بخوبی جانتے ہیں کہ کپتانی پھولوں کی سیج نہیں ہوتی۔

شاہد آفریدی سے اکثر کپتانی سے متعلق سوال پوچھا جاتا رہا ہے اور اس سوال کا جواب یہی ہوتا ہے کہ وہ قیادت کے خواہش مند ہیں لیکن صحافی یہ سوال بار بار دہرانے سے باز نہیں آتے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ اس بار شاہد آفریدی نے کپتانی سے متعلق سوال پر کچھ جلا کٹا سا جواب دیتے ہوئے کہا کہ صرف وہ ہی نہیں بلکہ پاکستان کے جونئیر کھلاڑی بھی کپتان بننا چاہتے ہیں اور اگر ایسا سوال کسی دوسرے کھلاڑی سے بھی پوچھا جائے گا تو وہ بھی یہی کہے گا کہ ہاں! میں کپتان بننا چاہتا ہوں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ تعلقات پر بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کی سرگرمیاں ایک اچھی چیز ہے اور اس کے لیے پاکستان نے ہمیشہ مثبت قدم اٹھایا ہے ہے تاہم بھارت کی طرف سے جوابی قدم نہیں اٹھایا گیا جس سے کافی منفی تاثر پیدا ہو رہا ہے۔ آفریدی نے اس حوالے سے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے شائقین کرکٹ چاہتے ہیں کہ پاکستان ٹیم بھارت جائے اور بھارت کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے۔

تربیتی کیمپ کے حوالے سے شاہد آفریدی نے بتایا کہ وہ اور ساتھی کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم کے ساتھ کافی محنت کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ قومی ٹیم کے 36 کھلاڑیوں اس تربیتی کیمپ میں حصہ لے رہے ہیں جو جون کے اوائل میں اختتام پزیر ہوگا۔