فلنٹوف ایک مرتبہ پھر ایکشن میں نظر آئیں گے
ریٹائرمنٹ لینے کے بعد ایک مرتبہ دوبارہ میدان عمل میں آنا پاکستان کے کھلاڑیوں کا پرانا شیوہ رہا ہے لیکن انگلستان کے آل راؤنڈر اینڈریو فلنٹوف بھی کرکٹ کوخیرباد کہنے کے کئی سال بعد ایک مرتبہ پھر کھیلتے نظر آنے والے ہیں۔
لنکاشائر کاؤنٹی نے تصدیق کی ہے کہ اینڈی رواں سال ان کی جانب سے نیٹ ویسٹ ٹی20 بلاسٹ کا سیزن کھیلیں گے۔
فلنٹوف نے ایشیز 2009ء کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے اور اگلے سال ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ لیکن رواں ماہ کے اوائل میں لنکاشائر کی جانب سے ترتیب لیتے دکھائی دیے اور یہ افواہ گرم ہوگئی کہ وہ اس سال ٹی 20 بلاسٹ کھیلتے دکھائی دیں گے۔ گو کہ ٹخنے کی انجری نے ان کی واپسی کے امکانات کو خاصی ٹھیس پہنچائی ہے، البتہ لنکاشائر کے اس اعلان نے ان کے پرستاروں کی امیدیں برقرار رکھی ہیں۔ فی الوقت کاؤنٹی نے کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، اندازہ ہے کہ وہ 6 جون کو یارکشائر کے خلاف ایکشن میں نظر آئیں گے۔
فلنٹوف کہتے ہیں کہ انہیں امید ہے کہ وہ میریلبون کرکٹ کلب کی جانب سے ریسٹ آف دی ورلڈ کے خلاف 5 جولائی کو ہونے والا نمائشی مقابلہ کھیل پائیں گے جہاں وہ سچن کی زیر قیادت ایم سی سی کی نمائندگی کریں گے۔