[ویڈیوز] 'ماسٹر بلاسٹر' سہواگ کی طوفانی سنچری
بھارت کے وریندر سہواگ کو 'ماسٹر بلاسٹر' کہا جاتا ہے، بھارت کی جانب سے کئی تاریخی اننگز کھیلنے والے اس بیٹسمین کی طوفانی سنچری نے کنگز الیون پنجاب کو پہلی بار انڈین پریمیئر لیگ کے فائنل تک پہنچا دیا ہے۔
ممبئی میں کھیلے گئے دوسرے کوالیفائر مقابلے میں ان کے 58 گیندوں پر بنائے گئے 122 رنز بعد ازاں چنئی سپر کنگز کے لیے کافی ثابت ہوئے جو سریش رینا کی بھرپور کوشش کے باوجود مقابلہ 24 رنز سے ہار گیا اور 7 سیزنز میں محض دوسری بار فائنل تک پہنچنے میں ناکام رہا۔
8 چھکوں اور 12 چوکوں سے سجی سہواگ کی اس شاندار باری نے پنجاب کو چنئی کے خلاف ایک مرتبہ پھر 200 رنز کا ہندسہ عبور کرا دیا۔ اس مرتبہ جب 20 اوورز مکمل ہوئے تو اسکور بورڈ پر 226 رنز کا بڑا ہندسہ جگمگا رہا تھا۔
رواں سال کنگز الیون کی شاندار کارکردگی میں جتنا بڑا حصہ ابتدائی مقابلوں میں گلین میکس ویل کی شاندار کارکردگی کا رہا، ناک آؤٹ مقابلے میں 'ویرو' کی سنچری بھی اتنی ہی اہمیت کی حامل رہے گی۔
غیر یقینی طور پر جاری سیزن میں پنجاب کی کارکردگی ناقابل یقین رہی ہے۔ گروپ مرحلے کے 14 مقابلوں میں اسے صرف 3 میں شکست ہوئی۔ یعنی 2008ء میں آئی پی ایل کے پہلے سیزن میں سیمی فائنل تک پہنچنے کے بعد مسلسل 5 سیزنز تک گروپ مرحلے ہی سے باہر ہوجانے والی ٹیم نے گویا اس مرتبہ کمال ہی کردیا۔ چنئی ہی کے خلاف کارکردگی دیکھ لیں، 2 مرتبہ کی چیمپئن اور سوائے ایک سیزن کے ہر مرتبہ فائنل کھیلنے والے سپر کنگز کے خلاف رواں سیزن میں پنجاب نے تین مقابلے کھیلے اور تینوں ہی میں حریف باؤلرز کے چھکے چھڑاتے ہوئے 200 سے زیادہ بنائے، اور کامیابیاں بھی سمیٹیں۔
اب پنجاب کا مقابلہ 2012ء کی چیمپئن کولکتہ نائٹ رائیڈرز سے یکم جون کو بنگلور میں ہوگا۔ کیا ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں سہواگ کا جادو ایک مرتبہ پھر اثر دکھائے گا؟ کیا میکس ویل سیزن میں آخری بار اپنی دھواں دار بیٹنگ کا جلوہ دکھا پائیں گے؟ اگر ایسا ہوا تو پھر کولکتہ کو کہیں جائے پناہ نہیں ملے گی۔
تب تک آپ 'ویرو' کی اس شاندار بیٹنگ کا لطف اٹھائیں: