[ویڈیوز] ایک اوور میں 33 رنز
سریش رینا کی دھواں دار بیٹنگ بھی انڈین پریمیئر لیگ میں دو مرتبہ کے چیمپئن اور مجموعی طور پر 5 مرتبہ فائنل تک پہنچنے والے چنئی سپر کنگز کو اس بار حتمی مقابلے تک نہ پہنچا سکی۔ درحقیقت یہ انہی کی بیٹنگ تھی جس نے چنئی کو یہ اعتماد دیا کہ وہ 227 رنز کا ہمالیہ جیسا ہدف حاصل کرسکتا ہے اور یہ انہی کا رن آؤٹ تھا، جس نے اس امید پر فیصلہ کن ضرب لگائی۔
وریندر سہواگ کی سنچری اننگز ایک طرف لیکن یہ سریش رینا کی جانب سے پرویندر اوانا کو ایک اوور میں رسید کیے گئے 33 رنز تھے، جو ممبئی میں کھیلے گئے مقابلے کی سب سے اہم جھلک تھے۔ 27 سالہ پرویندر کو شاید اندازہ ہی نہیں تھا کہ پاور پلے کا آخری اوور پھینکنا انہیں اتنا مہنگا پڑجائے گا۔ صرف 16 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کرنے والے سریش نے پہلی دو گیندوں کو چھکے کی راہ دکھانے کے بعد اگلی چاروں، بلکہ نو بال ملا کر پانچویں، گیندوں کو چوکے کی راہ دکھائی اور یوں 33 رنز لوٹ کر محض 6 اوورز میں چنئی کے اسکور کو 100 رنز تک پہنچا دیا۔
کنگز الیون کو محسوس ہو رہا تھا کہ 227 رنز کا دفاع کرنے کے لیے بھی اسے خاصے پاپڑ بیلنا پڑیں گے لیکن اگلے ہی اوور میں کپتان جارج بیلی کی شاندار فیلڈنگ اور وکٹوں پر براہ راست تھرو نے رینا کی اننگز کا خاتمہ کردیا اور اس کے بعد چنئی مقابلے میں واپس نہ آ سکا۔ 25 گیندوں پر 87 رنز بنانے کے بعد سریش میدان سے واپس آئے، اور ساتھ ہی چنئی کے جیتنے کی توقعات بھی ختم ہوگئیں۔
چنئی تو مقابلے کی دوڑ سے باہر ہوا، لیکن سریش کی اس جارحانہ بیٹنگ کو دیکھنے کا مزا اب بھی آئے گا، ملاحظہ کیجیے: