پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے مرکزی معاہدے، تنخواہوں میں زبردست اضافہ

1 1,034

سال 2014ء کا تقریباً نصف گزر جانے کے بعد ہمیشہ کی طرح پاکستان کرکٹ بورڈ نے تاخیر سے ہی سال کے لیے مرکزی معاہدے (سینٹرل کانٹریکٹس) کا اعلان کردیا ہے جس میں مصباح الحق، محمد حفیظ، سعید اجمل، شاہد آفریدی اور جنید خان کو درجہ الف یعنی کیٹگری 'اے' میں جگہ دی گئی ہے جبکہ عبد الرزاق، کامران اکمل، شعیب ملک، توفیق عمر اور عمران فرحت ٹیم کے ساتھ ساتھ اب معاہدے سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔

کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں قابل ذکر اضافہ ان کے اندر مزید تحریک پیدا کرے گا (تصویر: Getty Images)
کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں قابل ذکر اضافہ ان کے اندر مزید تحریک پیدا کرے گا (تصویر: Getty Images)

اس سال معاہدوں کی خاص بات تنخواہوں اور میچ فیس میں کیا گیا قابل ذکر اضافہ ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاہدوں کا اعلان کرتے ہوئے تمام کھلاڑیوں کی تنخواہوں اور ٹیسٹ مقابلوں کی میچ فیس میں 25 فیصد اضافہ کیا ہے جبکہ ایک روزہ مقابلوں کے لیے فیس میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیںعالمی درجہ بندی کی سرفہرست تین ٹیموں اور بھارت کے خلاف سیریز جیتنے پر 200 سے 250 فیصد کے زبردست بونس کی بھی نوید سنائی گئی ہے۔

تنخواہوں میں اس اضافے کے ساتھ زمرہ اول کے کھلاڑیوں کی تنخواہیں بڑھ کر تقریباً ساڑھے 4 لاکھ روپے ہوجائے گی جبکہ 25 فیصد اضافے کے بعد ٹیسٹ مقابلے کی فیس ساڑھے 5 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ علاوہ ازیں ایک روزہ مقابلہ کھیلنے پر میچ فیس ساڑھے 4 لاکھ روپے سے زیادہ ہوگی ۔ اسی طرح زمرہ 'ب' کے کھلاڑیوں کی تنخواہ بڑھ کر 3 لاکھ 14 ہزار روپے، ٹیسٹ میچ فیس 4 لاکھ 81 ہزار روپے اور ون ڈے میچ فیس 3 لاکھ 43 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔

زمرہ 'ج' یعنی کیٹگری 'سی' کے کھلاڑیوں کی نئی تنخواہ تقریباً ایک لاکھ 80 ہزار روپے ہوگی جبکہ ٹیسٹ میچ فیس 4 لاکھ 12 ہزار روپے اور ون ڈے میچ فیس 2 لاکھ 75 ہزار روپے قرار پائی ہے۔ آخری زمرے کے 16 کھلاڑیوں کو تنخواہ تقریباً 90 ہزار وپے دی جائے گی ۔

چیف سلیکٹر اور مینیجر پاکستان کرکٹ ٹیم معین خان نے کہا کہ "لوگو فیس پر کھلاڑیوں کے حصے میں بھی 15 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ انفرادی کارکردگی پر دیے جانے والے چند فوائد کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔ ان فیصلوں کا اطلاق یکم جنوری 2014ء سے ہوگا۔

مرکزی معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے لیے پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان، مینیجر و چیف سلیکٹر معین خان اور ہیڈ کوچ نیشنل کرکٹ اکیڈمی و رکن سلیکشن کمیٹی محمد اکرم پر مشتمل سہ رکنی کمیٹی نے کام کیا اور بقول ذاکر خان کہ "فارم اور کارکردگی، فٹنس لیول اور مستقبل کے امکانات کو بنیاد بنا کر کھلاڑیوں کو معاہدوں سے نوازا گیا ہے۔"

زمرہ 'الف' (کیٹگری 'اے')

مصباح الحق، محمد حفیظ، سعید اجمل، شاہد آفریدی اور جنید خان

زمرہ 'ب' (کیٹگری 'بی')

یونس خان، احمد شہزاد، عمر اکمل اور عمر گل

زمرہ 'ج' (کیٹگری 'سی')

اسد شفیق، اظہر علی، عدنان اکمل، خرم منظور، ناصر جمشید اور عبد الرحمٰن

زمرہ 'د' (کیٹگری 'ڈی')

صہیب مقصود، سرفراز احمد، بلاول بھٹی، شرجیل خان، ذوالفقار بابر، فواد عالم، احسان عادل، محمد عرفان، وہاب ریاض، رضا حسن، عمر امین، حارث سہیل، راحت علی، شان مسعود، محمد طلحہ اور انور علی۔