کراچی دہشت گردی، ہرشل گبز اور جیکب اورم کا پاکستان آنے سے انکار

3 1,042

پاکستان میں ایک ہی دن میں دہشت گردی کے دو انتہائی افسوسناک واقعات نے پوری قوم کو تو غمگین کیا ہی، ساتھ ہی کراچی ایئرپورٹ جیسے انتہائی حساس مقام پر دہشت گردوں کے حملے نے ملک میں امن و امان کی ناقص صورتحال نے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے امکانات ایک مرتبہ پھر معدوم کردیے ہیں۔

کراچی ایئرپورٹ پر حملے نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کو مزید کئی سالوں کے لیے دھکیل دیا ہے (تصویر: AFP)
کراچی ایئرپورٹ پر حملے نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کو مزید کئی سالوں کے لیے دھکیل دیا ہے (تصویر: AFP)

ان ایام میں جبکہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کی صدائیں ایک مرتبہ پھر سننے میں آ رہی تھیں، ان واقعات نے واپسی کے لیے پر تولتے کئی کھلاڑیوں کو روک دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق رمضان نائٹ ٹورنامنٹ کھیلنے کے لیے جنوبی افریقہ کے ہرشل گبز اور نیوزی لینڈ کے جیکب اورم کراچی آنے کے لیے راضی تھے اور دونوں کھلاڑیوں نے دبئی میں مقیم اپنے ایجنٹ کے ذریعے عمر ایسوسی ایٹس سے معاہدہ بھی کرلیا تھا لیکن کراچی کے ہوائی اڈے پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملے نے ان کھلاڑیوں کو مجبور کردیا ہے کہ وہ پاکستان کا رخ نہ کریں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دونوں کھلاڑی رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ کراچی کی معین خان اکیڈمی میں شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں ایکشن میں نظر آتے لیکن اب ایسا ممکن نہیں۔

البتہ کھلاڑیوں کے ایجنٹ کا کہنا ہے کہ گبز اور اورم نے پاکستان آنے سے انکار نہیں کیا بلکہ انہیں کراچی کے حالات کے پیش نظر خود منع کیا ہے۔