آسٹریلیا کے باؤلر گیری گلمور چل بسے

0 1,030

ورلڈ کپ 1975ء کے سیمی فائنل میں انگلستان کے خلاف یادگار باؤلنگ کے ذریعے شہرت سمیٹنے والے آسٹریلیا کے باؤلر گیری گلمور چل بسے۔

ورلڈ کپ 1975ء کے سیمی فائنل میں شاندار باؤلنگ نے گیری کو عالمی شہرت دی (تصویر: Allsport)
ورلڈ کپ 1975ء کے سیمی فائنل میں شاندار باؤلنگ نے گیری کو عالمی شہرت دی (تصویر: Allsport)

15 ٹیسٹ مقابلوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرنے والے گیری 2005ء میں جگر کی پیوندکاری کے بعد سے مسلسل صحت کے مسائل سے دوچار تھے اور بالآخر آج سڈنی کے ایک ہسپتال میں انتقال کرگئے۔

مذکورہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آپ نے انگلینڈ کے خلاف صرف 14 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس کارکردگی کو 2002ء میں وزڈن نے ایک روزہ تاریخ کی بہترین باؤلنگ قرار دیا تھا۔ اس کے بعد آپ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف فائنل میں بھی 48 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

بائیں ہاتھ سے تیز باؤلنگ اور نچلے آرڈر پر جارحانہ بیٹنگ کرنے والے گلمور نے 15 ٹیسٹ مقابلوں میں 23 کے اوسط سے ایک سنچری کے ساتھ 483 رنز بنائے اور 54 وکٹیں بھی حاصل کیں۔