پاک-بھارت سیریز طے ہوچکیں، پاکستان 450 ملین ڈالرز کمائے گا: نجم سیٹھی

1 1,024

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ دو طرفہ سیریز کے معاہدے اب بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے کاغذات پر بھی آ گئے ہیں اور اب توقع ہے کہ پی سی بی اگلے آٹھ سالوں میں 450 ملین ڈالرز کمائے گا۔

اگلے سال دسمبر میں پاک-بھارت سیریز کی میزبانی کریں گے: نجم سیٹھی (تصویر: Dawn)
اگلے سال دسمبر میں پاک-بھارت سیریز کی میزبانی کریں گے: نجم سیٹھی (تصویر: Dawn)

ملبورن میں آئی سی سی کے سالانہ اجلاس سے واپسی کے بعد لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ تھا کہ ہمیں ان سیریز کی میزبانی دی جائے جو طے شدہ ہونے کے باوجود گزشتہ چند سالوں میں معطل کی گئی تھیں ۔ بھارت نے ہمارا مطالبہ مان لیا ہے اور آٹھ میں سے زیادہ سیریز کی میزبانی پاکستان کو ملے گی۔

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے بتایا کہ پاک-بھارت پہلی سیریز اب دسمبر 2015ء میں ہوگی، اگر چھ ماہ قبل یہ معاملات طے پاجاتے تو اسی سال بھارت کی میزبانی کرنے کو تیار ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ پاک-بھارت سیریز آمدنی کے لحاظ سے پاکستان کے لیے بہت اہم ہے بلکہ مجموعی طور بھی دونوں ملکوں کے مقابلے ایشیز سے بھی زیادہ منافع بخش ہوتے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ہم کم از کم 4 سیریز سے 30 ارب روپے کمائیں گے۔

اس موقع پر نجم سیٹھی نے وضاحت کی کہ حکومت کی اجازت کے بغیر کوئی سیریز نہیں ہوسکتی اوریہ بات تمام معاہدوں میں شامل ہے اس لیے اگر بھارت نے حکومت کے انکار کے علاوہ کسی اور وجہ سے سیریز کھیلنے سے معذرت کی تو اسے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

پانچ رکنی ایگزیکٹو کمیٹی میں اپنی شمولیت کے حوالے سے نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان نے بگ تھری کو قائل کرکے ایگزیکٹو کمیٹی کی رکنیت حاصل کی ہے اور اگلے سال یہ رکنیت ختم ہوجانے کے بعد پاکستان کو صدارت کا عہدہ ملے گا۔

اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں طویل پابندی بھگتنے والے محمد عامر کے بارے میں نجم سیٹھی نے کہا کہ قانون کے مطابق تو عامر کی سزا کم نہیں ہوسکتی اور نہ ہی اس پر نظرثانی کی کوئی گنجائش ہے البتہ ہماری درخواست پر آئی سی سی عامر کو کچھ رعایتیں دینے کا سوچ رہا ہے اور ہماری درخواست ہے کہ عامر کو فوری طور پر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل سے ملنے والی آمدنی پر نجم سیٹھی نے بتایا کہ گزشتہ سات سالوں میں پاکستان کو آئی سی سی کی جانب سے 10 ملین ڈالرز ملے ہیں اور اگلے 8 سالوں میں 150 ملین ڈالرز ملنے کی توقع ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے ایک سوال پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اسی مہینے پی ایس ایل کے لیے نیلامی کا اعلان بھی کریں گے۔ اگر سپریم کورٹ جلد فیصلہ کردے تو ہمارے معاملات آگے بڑھ سکتے ہیں۔