سری لنکا اب جنوبی افریقہ سے ٹکرانے کو تیار، ٹیم کا اعلان کردیا گیا

0 1,040

سال 2014ء میں سری لنکا کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے اور اب پہلی بار ان کا مقابلہ بہت سخت حریف جنوبی افریقہ سے ہونے جا رہا ہے جس کے خلاف ایک روزہ سیریز کے ابتدائی دو مقابلوں کے لیے 16 رکنی دستے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

مسلسل ناکامیوں کے بعد بالآخر دنیش چندیمال کو باہر بٹھا دیا گیا ہے (تصویر: AFP)
مسلسل ناکامیوں کے بعد بالآخر دنیش چندیمال کو باہر بٹھا دیا گیا ہے (تصویر: AFP)

سری لنکا نے رواں سال کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز میں کلین سویپ سے کیا اور اس کے بعد ناقابل شکست رہتے ہوئے ایشیا کپ جیتا۔ پھر آئرلینڈ کے خلاف سیریز ایک –صفر سے جیتنے کے بعد کہیں جاکر اسے انگلستان میں سال کی پہلی شکست کا مزا چکھنا پڑا جب وہ اوول میں کھیلا گیا پہلا ون ڈے 81 رنز سے ہارا لیکن اس کے باوجود اس نے سیریز تین-دو سے جیت کر ہی دم لیا۔ یوں رواں سال کھیلے گئے 15 میں سے صرف دو مقابلے ایسے ہیں جہاں سری لنکا کو شکست ہوئی ہے۔

کارکردگی کے اس شاندار تسلسل کو برقرار رکھنے کا ایک اور موقع سری لنکا کو ملنے والا ہے لیکن اس مرتبہ اس کا حریف جنوبی افریقہ ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز 6 جون کو پہلے ون ڈے سے ہوگا۔ جس کے لیے سری لنکا نے ایک انتہائی مضبوط اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جس میں تجربہ کار و نوجوان کھلاڑیوں کا زبردست امتزاج پایا جاتا ہے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف یہ سیریز سری لنکا کے لیے ورلڈ کپ کی تیاریوں کا آغاز سمجھی جا رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان تمام ممکنہ کھلاڑیوں کو جگہ دی گئی ہے، جنہیں عالمی کپ کے لیے اہم سمجھا جارہا ہے۔ ایک جانب جہاں تجربہ کار مہیلا جے وردھنے اور کمار سنگاکارا ہیں تو بہترین اسپنرز کی جوڑی اجنتھا مینڈس اور رنگانا ہیراتھ بھی ٹیم میں شامل ہے۔ البتہ ناقص کارکردگی کے باعث دنیش چندیمال کو باہر کا راستہ دکھا دیا گیا ہے۔

چند ماہ قبل دنیش ٹی ٹوئنٹی کپتان تھے، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں انہیں قیادت سونپی گئی تھی لیکن وہاں پے در پے ناکامیوں کے بعد انہیں دستبردار ہونا پڑا۔ دورۂ انگلستان کے لیے انہیں اس امید پر طلب کیا گیا کہ شاید آرام سے ان کی فارم واپس آ گئی ہو، لیکن تین مقابلو ں میں صرف 38 رنز نے انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے بھی باہر کردیا ہے۔

علاوہ ازیں سری لنکا نے اوپل تھارنگا اور کتھوروون وتھاناگے کو بھی ٹیم میں جگہ دی ہے جبکہ نوجوان کھلاڑی آشان پریانجن بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

جنوبی افریقہ کے خلاف ابتدائی دو ون ڈے میچز بالترتیب 6 اور 9 جون کو کولمبو اور پالی کیلے میں ہوں گے، جس کے لیے سری لنکا کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

اینجلو میتھیوز (کپتان)، لاہیرو تھریمانے (نائب کپتان)، اجنتھا مینڈس، اوپل تھارنگا، آشان پریانجن، تلکارتنے دلشان، تھیسارا پیریرا، رنگانا ہیراتھ، سچیتھرا سینانائیکے، سورنگا لکمل، کتھوروون وتھاناگے، کمار سنگاکارا، کوشال پیریرا، لاستھ مالنگا، مہیلا جے وردھنے اور نووان کولاسیکرا۔