استرا تیار رکھیں جناب!

0 1,081

سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا مقابلہ گال میں جاری ہے اور پہلا دن ڈین ایلگر کے نام رہا۔ جنوبی افریقہ کے نوجوان اوپنر نے مختصر کیریئر کی دوسری سنچری 162 گیندوں پر 11 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے مکمل کی اور پھر بھرپور داد وصول کی۔

جنوبی افریقہ کے وڈیو اینالسٹ نے شرط لگائی تھی کہ اگر ایلگر سنچری بنا گئے تو وہ مونچھیں منڈوا دیں گے (تصویر: AFP)
جنوبی افریقہ کے وڈیو اینالسٹ نے شرط لگائی تھی کہ اگر ایلگر سنچری بنا گئے تو وہ مونچھیں منڈوا دیں گے (تصویر: AFP)

سری لنکن سرزمین پر سنچری بنانے والے پہلے جنوبی افریقی اوپنر بننے کے بعد ایلگر نے پویلین کی جانب رخ کرتے ہوئے ایک اشارہ بھی کیا، جسے بہت ہی کم لوگ سمجھ پائے۔ شاید جنوبی افریقی کیمپ میں موجود کھلاڑیوں کے علاوہ کوئی نہ سمجھا ہوگا۔ بعد ازاں عقدہ کھلا کہ اس اشارے کے مخاطب پروٹیز کے وڈیو اینالسٹ تھے جنہوں نے میچ کے آغاز سے قبل شرط لگائی تھی کہ اگر ایلگر آج سنچری بنا گئے تو وہ مونچھیں منڈوا دیں گے۔ ایلگر نے انہی کی جانب اشارہ کیا کہ اب استرا تیار رکھیے جناب!

چائے کے وقفے کے دوران دونوں کے درمیان خاصی دلچسپ گفتگو ہوئی ہوگی لیکن ابتدائی دو سیشن میں صرف ایک وکٹ پر 194 رنز بنانے کے بعد جنوبی افریقہ کی اننگز کو زوال آ گیا جو آخری سیشن میں صرف 74 رنز کے اضافے سے چار وکٹوں سے محروم ہوگیا جس میں کپتان ہاشم آملہ، فف دو پلیسی اور ابراہم ڈی ولیئرز کی قیمتی وکٹیں بھی شامل تھیں۔ دن کا اختتام 5 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز پر ہوا اور اس کے بعد ٹیم نے ضرور مونچھیں منڈوانے کی کارروائی میں حصہ لیا ہوگا 🙂